حکومت وطن عزیز سے پولیو کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے اورپولیو مہم کو باربار دہرانے کا مقصد اس مرض کے وائرس کو ختم کرنا ہے

ْوزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری کی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کے موقع پرگفتگو

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے یونین کونسل 230ریلوے کالونی میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا آئندہ رائونڈ 20سے 22نومبرتک جاری رہے گا جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں مزید دودن سرگرم عمل رہیں گی تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جاسکیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی)ڈاکٹر ظفر عباس بلوچ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،چیئرمین یونین کونسل 113شرافت علی خاں خٹک،پختون آبادیوں کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے دیگر افراد اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کوکامیاب بنانے کے سلسلے میں والدین کی آگہی کے لئے موثر مہم جاری رہنی چاہیے تاکہ کسی بھی گھر میں پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں کے بغیر نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وطن عزیز سے پولیو کے یکسر خاتمہ کے لئے پرعزم ہے اورپولیو مہم کو باربار دہرانے کا مقصد اس مرض کے وائرس کو ختم کرنا ہے جس کیلئے محکمہ صحت کی ذمہ داریاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اوربلدیاتی نمائندے مہم میں بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہاکہ اگرچہ ضلع فیصل آباد پولیو فری ہے تاہم مہم پر ذمہ داری سے عملدرآمد کیاجائے اور محکمہ صحت کے افسران رائونڈ کی کڑی نگرانی کرکے سٹاف کی کارکردگی پر نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر بلدیاتی نمائندوں،سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی معاونت سے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پہنچا جائے اور ریکارڈ کے مطابق گھر میں بچہ نہ ملنے کی صورت میں اسکی دستیابی کو باربار چیک کریں۔

متعلقہ عنوان :