تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جس کے نفاذ کیلئے موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کے پڑھا لکھا بلوچستان کے ویژن کے تحت خوشحالی و تعلیم یافتہ بلوچستان کے عزم کو عملی جامہ پہنارہی ہے ،اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان

ہفتہ 18 نومبر 2017 21:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جس کے نفاذ کیلئے موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے پڑھا لکھا بلوچستان کے وژن کے تحت خوشحالی اور تعلیم یافتہ بلوچستان کے عزم کو عملی جامہ پہنارہی ہے اور آج کا بلوچستان ماضی کے بلوچستان سے بہت مختلف ہے، تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کوجدید تعلیم فراہم کی جارہی ہے اور لڑکیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

گورنمنٹ گرلز اسکولوں کو مڈل سے ہائی کا درجہ دینے سے بچیوں کی تعلیم کو فروغ ملے گا۔ وہ ہفتہ کو حکومت بلوچستان کی جانب سے المحافظ کالونی کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کو ہائی اسکول تک اپ گریڈ کرنے کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھیں ۔

(جاری ہے)

تقریب میں اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی اسپیکر نے گرلز مڈل اسکول کوہائی کا درجہ دینے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کا بڑا اقدام ہے جس سے بچیوں کو میٹرک تک تعلیم ان کی دہلیز پر حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال کے تعلیم کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم نے اپنا پانچ سالہ بلوچستان ایجوکیشن سیکٹر پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت نئے اسکولوں کا قیام موجودہ اسکولوں کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے جس کے تعلیمی نظام پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ خواتین کو بااختیار بنا نے اور لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم ہوں تاکہ وہ بھی جدید تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے اسکول کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں دلی خوشی محسوس ہوئی ہے اور میرا وژن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا واحد راستہ اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مضمر ہے۔ اس سے قبل اسپیکرنے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بعد میں کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے طالبات کوتلقین کی کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم اور تربیت پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیںکیونکہ آپ ہی نے صوبہ اور ملک کی مستقبل میں باگ ڈور سنبھالنی ہے۔