کراچی،بشارت مرزاکی دعوت حلیم ،آل پارٹیز کانفرنس بن گئی،وزیراعلیٰ اور میئرکراچی کی بھی شرکت

پیپلزپارٹی کی قیادت نے کراچی میں امن قائم کردیاہے،سینئر وزیرنثاراحمدکھوڑو کراچی کے مسائل کے حل کی چابی وزیراعلیٰ ہائوس میں ہے،میئرکراچی وسیم اختر

ہفتہ 18 نومبر 2017 21:15

کراچی،بشارت مرزاکی دعوت حلیم ،آل پارٹیز کانفرنس بن گئی،وزیراعلیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) سابق مشیر مشتاق مرزاکی یادگار دعوت حلیم حسب روایت تمام سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں تبدیل ہوگئی ، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ بشارت مرزاکی میزبانی میںمنعقدہ دعوت حلیم میں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، میئرکراچی وسیم اختر، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلارضا، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثاراحمدکھوڑو،صوبائی مشیرراشدربانی، وقار مہدی، ایم کیوایم پاکستان کے عامرخان،سیدامین الحق، اے این پی کے صوبائی صدر سینیٹرشاہی سید، یونس بونیری،پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری سعید غنی،جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، جمعیت علماء اسلام سندھ نائب صدر قاری محمدعثمان، پی ایس پی کے وسیم آفتاب، آصف حسنین، پی پی پی کے اعجازدرانی، جماعت اسلامی کے محمدحسین محنتی، برجیس احمد، مسلم پرویز،پاکستان عوامی تحریک کے خواجہ اشرف،تحریک انصاف کے اشرف قریشی،جے یوپی کے محمدشکیل قاسمی، مزدوررہنمامنظوررضی،الطاف حسین ایڈوکیٹ، ضیاء عباس، نصرت مرزا،خواجہ طارق نذیر، علائوالدین شیخ، مرزااشتیاق بیگ، مرزااختیاربیگ سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی، اس موقع پر مرحوم مشتاق مرزاکے صاحبزادگان ارشدمرزا، محمدعلی مرزا، شوکت مرزا، عدنان مرزااور دیگر عزیزواقارب بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیاکہ کراچی کے امن کے لئے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد اور بات چیت کے لئے تیارہیں،پاکستان کا امن کراچی کے امن سے مشروط ہے ، اختلاف رائے کے باوجود کراچی میں پائیدارامن کے لئے کوششیں جاری رہیں گی،اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ انتخابات وقت پر ہوں اور کراچی میں انتخابات منصفانہ ہونے چاہیں ۔سینئر وزیرنثاراحمدکھوڑونے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے کراچی میں امن قائم کردیاہے،اسٹریٹ کرائم پربھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے قابوپالیاگیاہے،پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی،اس شہر کے مسائل حل کر رہے ہیں، میئرکراچی وسیم اخترنے کہاکہ کراچی کے مسائل کے حل کی چابی وزیراعلیٰ ہائوس میں ہے،وسائل کی عدم دستیابی کے سبب شہری مسائل پر قابونہیں پاسکتے،وفاق میں 22ارب روپے کے پیکیج پر کام ہورہاہے، سینیٹرشاہی سید نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں شہرکی بہتری کے لئے کسی سے بھی اتحادکرسکتے ہیں ، ہم شہر میں امن چاہتے ہیں۔

ایم کیوایم رہنماعامرخان نے کہاکہ ایم کیوایم جیتی ہوئی نشستوں پر کسی سے اتحادنہیں کرے گی،ہم الیکشن اکیلے لڑیں گے۔پی ایس پی وسیم آفتاب نے کہاکہ شہر کے امن کی خاطرایم کیوایم سمیت کسی سے بھی اتحادکرسکتے ہیں، ہم نے دروازے بندنہیں کئے ہیں،شہر کا امن عزیز ہے ، کوشش کریں گے کہ اپنے بازئوں پر الیکشن لڑیں،سعیدغنی نے کہاکہ ہم نے امن کے قیام کے لئے قربانیاں دی ہیں، کسی اتحادپر کوئی اعتراض نہیں،البتہ جتوانے پر اعتراض ہے اگر ایساہواتوبڑی خونریزی ہوگی۔

قاری محمدعثمان نے کہاکہ ایم ایم اے کی باقاعدہ بحالی کے بعدکراچی میں طاقت کا مظاہرہ کریں گے،پرامن جماعت ہیں،لاشیں اٹھانے کے باوجودبھی شہر کا امن خراب نہیں کیا۔علامہ قاضی احمدنورانی نے کہاکہ کراچی کے امن کے لئے ہم سے زیادہ کسی نے قربانی نہیں دی،ہم ہمارامینڈیٹ زبردستی چھیناگیالیکن شہر کے امن کی خاطر برداشت کیا۔انہوں نے کہاکہ نظام مصطفیٰ متحدہ محاذتشکیل پاچکاہے جس میں 22جماعتیں شامل ہیں،کسی اور اتحادمیں شامل نہیں ہوں گے،کوشش کررہے ہیں کہ اہلسنّت کی تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ شہر کے امن کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں،ہم نے ماضی میں بھی پرامن سیاست کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :