مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں میرا نام خود ایک عہدہ ہے، ڈاکٹرعاصم

ہفتہ 18 نومبر 2017 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنماء ڈاکٹرعاصم نے کہا ہے کہ پارٹی سے کسی نے نہیں نکالا اور مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں میرا نام خود ایک عہدہ ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ میں علاج کی غرض سے 6 ہفتوں کے لئے ملک سے باہرجارہا ہوں، اس لئے پارٹی کا عہدہ چھوڑا، آصف زرداری میرے بچپن کے دوست ہیں ان کے لئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا، وہ مجھے جو ہدایت دیں اس پرعمل کروں گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ فاروق ستارسے ملاقات کے بعد کافی دباؤ میں تھے، کیا اس لئے استعفی دیا، اطلاعات یہ ہیں کہ آپ کو پیپلزپارٹی سے نکال دیا گیا ہے جس پر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں نکالا، میری 3 نسلوں نے کراچی کی خدمت کی اورچاہتا ہوں یہ خدمت برقرار رہے، کراچی میں صحت و تعلیم کی ضرورت بہت زیادہ ہے، کراچی والے میرے ساتھ کھڑا رہنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، میری تائید کرتے ہیں اورمجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے، میرا نام خود ایک عہدہ ہے۔

(جاری ہے)

صحافی نے پیپلزپارٹی میں ان کے خلاف کسی سازش سے متعلق سوال کیا تو ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ سازشیں تو ہر جگہ ہوتی ہیں، ہرپارٹی میں ہوتی ہیں، میں اس پر پریشان نہیں ہوں، مجھ سے آج صحت و تعلیم سے متعلق سوال کریں، آج میں سیاست کی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔دو روز قبل سپریم کورٹ نے ڈاکٹرعاصم کوعلاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی جب کہ گزشتہ روز ترجمان میڈیا سیل بلاول ہاوس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹرعاصم حسین کو پی پی کراچی ڈویڑن کے صدر کے عہدے سے سبکدوش کردیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام ہیں تاہم اس وقت وہ ضمانت پرہیں۔

متعلقہ عنوان :