ڈاکٹر عاصم کے استعفیٰ کا معاملہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے

،پارٹی قائدین جب کسی کو عہدہ دیتے ہیں تو عہدہ واپس لینے کا اختیار بھی پارٹی قیادت کے پاس ہے،پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رکن سندھ اسمبلی سعید غنی

ہفتہ 18 نومبر 2017 21:14

ڈاکٹر عاصم کے استعفیٰ کا معاملہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کے استعفیٰ کا معاملہ پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے ،پارٹی قائدین جب کسی کو عہدہ دیتے ہیں تو عہدہ واپس لینے کا اختیار بھی پارٹی قیادت کے پاس ہے ،میراڈاکٹر عاصم کے ساتھ کوئی ایشو نہیں ہے دونوں نے ایک سال ملکر کام کیا ہے،وہ ہفتے کو میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں عہدیداران وکارکنان کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقات مہدی نے بھی اظہار خیال کیا ،پریس کانفرنس میں راشد حسین ربانی ،لیاقت علی خان ایڈوکیٹ ودیگر بھی موجود تھے ،پارٹی میں شمولیت کرنے والوں شباب ملی کراچی کے صدر محمد یوسف منیر،متحدہ قومی موومنٹ کے محمود عالم ،مہاجر قومی موومنٹ کے نصیر الدین ،محمد علی ،ثاقب ودیگر شامل ہیں،ایک سوال پر سعید غنی نے کہا کہ نوازشریف فیملی اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں بہت پہلے ڈالنا چاہیے تھا ،اس بارے میں نیب کا دہرا معیار ہے ،رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا جب ان کے خلاف انکوائری بھی شروع نہیں ہوئی تھی اور شریف خاندان اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے ،جس سے ابہام پیدا ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ نیب کے اقدامات سے یہ پیغام ملتا ہے کہ سندھ میں نیب کا کردار الگ ہے اور پنجاب میں کردار کچھ اور ہے ،انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں ان کو خوش آمدید کہتا ہوں ،جس طرح لوگ جوق درجوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ دیگر جماعتوں سے مایوس ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ،ہماری جماعت میں ایک ایک کارکن کو عزت دی جاتی ہے،اس موقع پر وقار مہدی نے کہا کہ پارٹی میں لوگوں کی شمولیت قائد آصف علی زرداری پر اعتماد کا اظہار ہے،آئندہ 2018 کے انتخابات میں پارٹی عوام کی طاقت سے کراچی سمیت پورے ملک میں مثالی کامیابی حاصل کرے گی۔