قومی ٹی ٹونٹی کپ، لاہور بلیوز نے پشاور اور اسلام آباد نے فیصل آباد کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی

ہفتہ 18 نومبر 2017 21:01

قومی ٹی ٹونٹی کپ، لاہور بلیوز نے پشاور اور اسلام آباد نے فیصل آباد ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں لاہور بلیوز نے پشاور اور اسلام آباد نے فیصل آباد کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور بلیوز نے پشاور کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی سمیٹی، لاہور بلیوز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، احمد شہزاد نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، حسین طلعت 37، کپتان محمد حفیظ 30 امام الحق 19 آغا سلمان 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، وقاص مقصود نے 3، کاشف بھٹی نے 2 اور سہیل خان نے ایک وکٹ لی، جواب میں پشاور کی ٹیم ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی اور پوری ٹیم آخری اوور کی پانچویں گیند پر 170 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، نوید یاسین کی 62 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، رفات اللہ محمد 40، اسرار اللہ 26 اور مصدق احمد 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، علی شفیق اور اعزاز چیمہ نے 3، 3، آغا سلمان نے 2 اور خالد عثمان نے ایک وکٹ لی، اسی روز دوسرے میچ میں اسلام آباد نے فیصل آباد کو 2 وکٹوں سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کی، فیصل آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 170 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان 43، صعیب مقصود 38 اور خرم شہزاد 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، عادل امین نے 4 محمد عرفان نے 2 اور عمر گل نے ایک وکٹ لی، جواب مین اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں پر حاصل کیا، سعد علی نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، عادل امین 35 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، شان مسعود 32 نعمان انور 9 رنز بنا سکے، تاج ولی نے 3 یاسر شاہ نے 2 جبکہ اسد رضا اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :