ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا نے احمدپورشرقیہ میں ترقیاتی کاموں میں غفلت برتنے،

ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کی شکایت پر سب انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ بہاولپور کو فوری طور پر کام کرنے سے روک دیا

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:55

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل نے تحصیل احمدپورشرقیہ کے حلقہ پی پی 269کے ترقیاتی کاموں میں غفلت برتنے، ٹھیکیداروں سے ملی بھگت اور حصہ داری کی شکایت پر سب انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ بہاولپور کو فوری طور پر کام کرنے سے روک دیا ہے اور ناقص کارکردگی کے حامل ٹھیکیدارمفتی سلیم کو بلیک لسٹ کر دیا ہے، یہ احکامات ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم پی اے قاضی عدنان فرید، ایم پی اے خالد محمود وارن اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت برتنے اور تکمیل میں تاخیر سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔اجلاس میں وزیر اعظم ایس ڈی جی پروگرام I، 2016-17ئ کی 152سکیموں کی لاگت 193.204 ملین روپے ، پروگرام II کی 38ترقیاتی سکیموںکی لاگت37.593 ملین روپے ، اسی طرح سیکنڈ فیز کی 85نئی سکیموں کی لاگت 233.84ملین روپے کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے فیز کی 193سکیموں میں سے 131 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔