ایچ ایم سی میں ذیابیطس کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے تین نئے پراجیکٹس کاآغاز

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:48

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) حیات آباد میڈیکل کمپلیکس(ایچ ایم سی)میں ذیابیطس کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے تین نئے پراجیکٹس کاآغاز کردیا گیاجس کا افتتاح ہسپتال ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا، فری اینٹی بائیوٹک میڈیکیشن بینک، پیڈوگرافی مشین اور سی جی ایم مانیٹرنگ بیٹری پراجیکٹس کے ذریعے ذیابیطس کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ان کے شوگرلیول وغیرہ کوچیک اورمانیٹرکیاجاسکے گاتاکہ مریض کے شوگر لیول کو مدنظر رکھتے ہوئے علاج کیا جا سکے، اس ضمن میں جاری بیان کے مطابق انڈو ڈیپارٹمنٹ میں داخل مریضوں کو ڈی آر سی کلینک کے ذریعے آنکھوں کی بیماریوں کی تشخیص کی سہولت بھی فرا ہم کی جارہی ہے اور ساتھ ہی ڈیپارٹمنٹ کے’’ ڈی ٹاک پروگرام ‘‘کے تحت وارڈ میں موجودنیوٹریشن کونسلنگ کے ذریعے مریضوں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں، پروگرام کے اختتام پر ہسپتال ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے وارڈ میں موجود داخل مریضوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔