جشن عید میلاد النبیﷺ پورے عقیدت اور احترام اور باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:41

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کا دن پورے عقیدت اور احترام اور باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ منایا جائے گا تمام مسالک کے علماء اکرام اپنے اپنے عقائد پر کاربند رہتے ہوئے دوسروں کے مسالک کا احترام کریں تا کہ کسی قسم کے نقص عمل کا احتمال نہ رہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرال ڈاکٹر حفصہ رانی کنول،ممبر پارلیمنٹ اسمبلی اشرف علی انصاری، ایس ایس پی آپریشن محمد عمران،چیئرمین بین المذاہب امن کمیٹی قاری محمد زاہد سلیم ،حافظ محمدعمران عریف ،مولانا ابرار ظہیر،منیجر اوقاف رانا علیم خان،ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف محمد اسلم ساقی کے علاوہ دیگر مکاتب فکر کے علماء کرام اور ممبران امن کمیٹی اجلاس میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ بہت مقدس دن ہے تمام محکموں کے افسران اس دن کو منانے کے سلسلہ میں خصوصی پلان تشکیل دیں جہاں کہیں بھی پیچ ورک،لائٹس اور دیگرتعمیراتی اور مرمتی کام کی ضرورت ہے انہیں 12ربیع الاول سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر علماء اکرام کے تعاون سے قیام امن کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی لڑائی جھگڑا یا مذہبی منافرت پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام محبت،، بھائی چار ے اور رواداری کی فضاء کو فروغ دیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی تشریف آوری مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے لئے باعث رحمت اورآپ ﷺکے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں ہماری نجات و فلاح ․ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو اتحاد اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے ، ہمیں ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں آپس کے تمام اختلافات کوبھلا نا ہو گا اور ملک میں محبت وبھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا تا کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کوناکام بنایا جا سکے۔

پاکستان اس وقت کسی بھی طرح کی فرقہ واریت ،گروہ بندی اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا علماء قوم کو اتحاد کا درس دیں تا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات سے دنیا بھر میں امن محبت اور رواداری کو قائم کیا جا سکتا ہے۔ اسلام نے ہمیشہ تشدد اور نفرت کو ختم کر نے کا درس دیا ہے ۔ اجلاس میں شریک علماء اکرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں مسائل کی نشاندہی کریں انہیں حل کرنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور حتی الامکان کوشش کی جائیگی تا کہ مسائل کو جنم لینے سے پہلے ہی ختم کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پر گیپکو سمیت تمام متعلقہ محکموں سے کوارڈینیشن کرتے ہوئے کوشش کی جائیگی کہ لوڈشیڈنگ نہ ہو اورمتعلقہ محکموں سے مل کرربیع الاول کے جلوسوں کے روٹس کی صفائی ، سکیورٹی اور تجاوزات کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ تمام مسلک کے علماء اکرام نے ڈپٹی کمشنر کو یقینی دہانی کرائی کہ علماء اکرام امن کے داعی ہیں یہی وجہ ہے کہ گوجرانوالہ ہمیشہ امن کاگہوارہ رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون یقینی بنائیں گے تا کہ ضلع میں امن کی فضاء برقرار رہے۔

متعلقہ عنوان :