سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ترقیاتی منصوبے صرف اخباری بیانات تک محدود تھے، راجہ جاوید اخلاص

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:31

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ترقیاتی منصوبے صرف اخباری بیانات ..
گوجرخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ترقیاتی منصوبے صرف اخباری بیانات تک محدود تھے ۔جتنے ترقیاتی فنڈز اپنے حلقہ میں لایا ہوں، اتنے فنڈز اور ترقیاتی منصوبے کسی اور رکن قومی اسمبلی کو نہیں ملے ۔ سوا تین ارب روپے کی خطیر لاگت سے تحصیل کے مختلف علاقوں میں گیس فراہمی کے نئے منصوبے، تین گرلز کالج کی تعمیر، پندرہ سکولوں کی اپ گریڈیشن، سولہ ارب روپے کی لاگت سے مندرہ چکوال سوہاوہ روڈ تعمیر کے آخری مراحل میں ، گوجرخان میں یونیورسٹی کے قیام کی کوشش کررہاہوں۔

ان خیالات کااظہار وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے راجہ جاوید اخلاص نے صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔راجہ جاویدا خلاص نے کہا کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کے برادر اصغر راجہ جاوید اشرف آئے روز اخبارات میں ترقیاتی منصوبوں کا ڈھنڈورا پیٹ کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنے دور میں این اے 51میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے باقاعدہ مکمل کرائے۔

راجہ پرویز اشرف کی آبائی رہائش گاہ کے پانچ کلومیٹر کے ارد گرد دیہات میں پانچ کروڑ کی لاگت سے گیس کے منصوبے، پندرہ کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل بھر میں بجلی فراہمی کے نئے منصوبے، سوا تین ارب روپے کے گیس کے منصوبے تین سو کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ، تین نئے کالجز ، پندرہ سکولوں کی اپ گریڈیشن اور سولہ ارب روپے کی مندرہ چکوال سوہاوہ روڈ جیسے متعدد منصوبے قابل ذکر ہیں جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔

راجہ جاویدا خلاص نے کہا کہ موسم سرما میں شہر میں گیس پریشر کو بہتر بنانے کیلئے ٹی بی ایس (T.B.S)دولتالہ، مندرہ اور گوجرخان کے یونٹس اپ گریڈیشن کیلئے سمری بھجوا دی ہے۔ گوجرخان میں سوئی گیس کے سب آفس کے قیام کی منظوری ہو چکی ہے۔ راجہ جاوید اخلاص نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر یونین کونسل کو ستائس لاکھ روپے کی گرانٹ ملے گی۔ گوجرخان کے ساٹھ دیہات میں واٹر سپلائی کے منصوبے شروع ہیں۔ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی کام کرتے ہیں فوٹو سیشن نہیں۔