تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی، حکومت کیساتھ تحریری معاہدے کیلئے بھی رضامندی ظاہر کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 نومبر 2017 20:13

تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفے کے مطالبے سے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 نومبر2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ختم نبوتﷺ کے معاملے پر اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

جبکہ دھرنے والوں نے حکومت کیساتھ تحریری معاہدے کیلئے بھی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ دھرنے کے اختتام کیلئے معاہدے کے نکات جلد طے کر لیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ن لیگ کے رہنما راجہ ظفر الحق متحرک ہیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے کچھ علماء کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں 13 روز سے دھرنا جاری ہے جس کے باعث جڑوان شہروں میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے۔

(جاری ہے)

دھرنا دینے والوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کی کوشش کرنے والے وزیر یا شخص کا نام سامنے لایا جائے اور اس کیخلاف کاروائی بھی کی جائے۔ جبکہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا تھا۔ حکومت نے گزشتہ شب دھرنا ختم کروانے کیلئے آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں آپریشن کا فیصلہ ملتوی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔