اسحاق ڈار کے استعفیٰ دینے کی انہیں خبر نہیں مگر ایشوز کے حل کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے،وزیراعلیٰ سندھ

مقررہ وقت پر انتخابات چاہتے ہیں،کسی بھی صورت انتخابات ملتوی نہیں ہونے دے گی، مردم شماری سے متعلق سندھ کے خدشات اب بھی برقرار ہیں، سید مراد علی شاہ

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:06

اسحاق ڈار کے استعفیٰ دینے کی انہیں خبر نہیں مگر ایشوز کے حل کرنے کے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے استعفیٰ دینے کی انہیں خبر نہیں مگر ایشوز کے حل کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے، پیپلزپارٹی مقررہ وقت پر انتخابات چاہتی ہے اورکسی بھی صورت انتخابات ملتوی نہیں ہونے دے گی، مردم شماری سے متعلق سندھ کے خدشات اب بھی برقرار ہیں۔

وہ سہیون کے قریب باجارہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر کا سانحہ بہت بڑا واقعہ تھا،حملے میں ملوث ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، ایک دہشت گردبلوچستان میں مارا گیا ہے جبکہ ابھی ایک دہشت گرد رہتا ہے جس کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے کوششوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ سانحہ کے پہلے دن سے تفتیش کی نگرانی کررہے ہیں، سہون سانحے کے بعدآرمی ، رینجرز اور پولیس سمیت تمام اداروں نے بہترین کام کیا ہے، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی والے آپس میں لڑتے ہیں اور پھر سندھ کی تقسیم کی بات کرتے ہیںمگر سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گی ہم سندھ کی ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے ذاتی بنا پر استعفیٰ دیا ہے پارٹی نے ان سے استعفیٰ نہیں مانگاتھا، میری ان سے ملاقات نہیں ہوئی ہے، ڈاکٹر عاصم کو باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے جہاں وہ اپنا علاج کروائیں گے، انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق سندھ کے خدشات اب بھی برقرار ہیں سی سی آئی کے اجلاس میں وفاق کے سامنے خدشات پیش کیے گئے ہیں لیکن ابھی تک ہمارے خدشات دور نہیں کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات کے حامی ہیں اور پیپلزپارٹی مقررہ وقت پر انتخابات چاہتی ہے ہم کسی بھی صورت میں انتخابات کو ملتوی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں روزگار کم اور امیدوار زیادہ ہیں ہماری یہ کوشش ہے کہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیاجائے، منچھر جھیل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جھیل کی بحالی کے لیے حکومت سندھ کی طرف سے کوششیں کی جارہی ہیں، آر بی او ڈی منصوبے کی تکمیل کے لیے بجٹ جاری کیا ہے بہت جلد منچھر جھیل کو بحال کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے باجارا میں اپنے پرائیویٹ سیکریٹری سلیم باجاری سے ان کے ماموں کی وفات پر تعزیت کی جبکہ گائوں علی حسن شاہانی میں پی پی پی رہنماء امان اللہ شاہانی سے ان بھی کی پھپھی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا، بعد ازاں انہوں نے واہڑ میں اپنے والد سید عبداللہ شاہ کے مزار پر حاضری بھی دی، اس موقع پر عمیر طارق باجاری ،محمد حسن باجاری ، سردار سکندر علی راہپوٹو،شمن راہپوٹو،کمشنر حیدرآباد ڈویژن سعید احمد منگنیجو ، ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید عالم اوڈھو ، ڈی سی جامشورو فرید الدین مصطفی ، ایس ایس پی جامشورو سید عرفان علی بہادر سمیت دیگر افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔