پشاور ،کوہاٹ کچہری سے منشیات سمگلنگ کیس کا ملزم پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا

ہفتہ 18 نومبر 2017 20:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) کوہاٹ کچہری سے منشیات سمگلنگ کیس کا ملزم پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔واقعے کے بعد شہر بھر کی ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ غفلت کے مرتکب تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ جیل سے مقامی عدالت میں پیشی کیلئے لایا جانیوالا منشیات سمگلنگ کے مقدمے کا ملزم جانداد خان ولد اسلام گل سکنہ ذخہ خیل خیبرایجنسی پولیس اہلکاروں کو چکمہ دیکر حراست سے فرار ہوگیا۔

ملزم کے فرار کی اطلاع پر شہر بھر کی ناکہ بندی کرکے پولیس نے جگہ جگہ تلاش شروع کردی تاہم فوری طور پر ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ادھر پولیس حکام نے ملزم کے فرار کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کی ڈیوٹی پر مامور تین پولیس اہلکاروںکانسٹیبل میر دیاز،اویس اورشفقت محمودکوفرائض منصبی میں کوتاہی برتنے کی پاداش میں فوری طور پر معطل کردیا اور انکے خلاف محکمانہ تحقیقات کے احکامات جاری کرتے ہوئے واقعے کا مقدمہ تھانہ چھائونی میں درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیس حراست سے فرار ملزم جانداد خان کو سال 2017کے دوران قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرتے ہوئے تھانہ استرزئی سے ملحقہ مرئی چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران حراست میں لیا گیا تھا اور اسکے خلاف تھانہ استرزئی میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں رکھا گیا تھاجسے کیس ٹرائیل ہونے کی صورت میں ہفتہ کے روز کوہاٹ جیل سے مقامی عدالت میں پیشی کیلئے لایا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :