اوکاڑہ، ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 18 نومبر 2017 18:53

اوکاڑہ۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) پاکستان سے پولیو کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کی جانب ہم جس رفتار سے بڑھ رہے ہیں مستقبل قریب میں اس مرض کا انشاء اللہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ دیگر تمام متعلقہ سرکاری محکمے حسب سابق پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کی معاونت کے لئے پولیس کی ٹیمیں اور ریونیو سٹاف بھر پور اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال سائوتھ سٹی میں پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ ،ڈی ایچ او مہر محمد ارشاد ،ڈی ایم اور چوہدری طاہر امین ،ایم ایس،ڈاکٹر و پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے بچاتے ہوئے ان کے محفوظ مستقبل کے لئے جدو جہد کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔

اس موقع پر زیر تربیت نرسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ وارانہ مہارت پر عبور ان کو مستقبل میں اپنے شعبہ میں آگے لے جائے گا اور وہ انسانیت کی خدمت کر کے دنیا و آخرت میں سر خرو ہوں گی محکمہ صحت سے وابستہ ہر شخص دکھی انسانیت کی خدمت کر کے جہاں اپنے فرائض منصبی ادا کر رہا ہے وہیں پر نیکیاں بھی کما رہا ہے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کے تمام شعبہ جات مربوط حکمت عملی سے آگے بڑھیں تاکہ شہروں اور دیہات کے ساتھ ساتھ دریائی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے بچے ،خانہ بدوشوں و بھٹہ مزدوروں کے بچوں میں سے کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ ہو ۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ضلع میں پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلہ میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دورا ن 5لاکھ 56ہزار808بچوں کو انسداد پولیو ویکسئین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ اس سلسلہ میں 1030موبائل ٹیمیں ،137فکسڈ ٹیمیںاور 59ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر صائمہ احد نے 5سال سے کم عمر بچوںکو پولیو ویکسئین کے قطرے پلا کر با قاعدہ پولیو مہم کا افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :