کراچی کا بجٹ کراچی کے لوگوں کے لئے استعمال ہوگا، وسیم اختر

دکاندار ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے مالکان اپنی حدود تک رہیں،تمام اضلاع کے منتخب نمائندے ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں،میئر کراچی

ہفتہ 18 نومبر 2017 18:50

کراچی کا بجٹ کراچی کے لوگوں کے لئے استعمال ہوگا، وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہاہے کہ کراچی کا بجٹ کراچی کے لوگوں کے لئے استعمال ہوگا، کچی آبادیوں سے تجاوزات ختم کرنے کے لئے پلاننگ کر رہے ہیں،دکاندار ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے مالکان اپنی حدود تک رہیں،تمام اضلاع کے منتخب نمائندے ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں، شہری مسائل کے حوالے سے عوامی مشکلات کم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز چورنگی سے واٹر پمپ تک بننے والی سڑک کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ اور فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلدیہ وسطی کے وائس چیئرمین شاکر علی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، مختلف یوسی چیئرمینز ہارون،شہروز ، یونس، جمشید قائم خانی، دیگر بلدیاتی نمائندے اور کے ایم سی کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کی مہم جاری ہے اور اسے بھرپور طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے، لوگوں نے تجاوزات قائم کرکے پختہ گھر اور عمارات تعمیر کرلی ہیں، دکانداروں اور ریسٹورنٹس مالکان سے کہوں گا کہ وہ تجاوزات خود ختم کردیں تاکہ انہیں نقصان نہ ہو، پارکوں میں کسی بھی قسم کی تعمیرات پر سپریم کورٹ کی جانب سے پابندی ہے، پارکوں میں دفاتر یا کوئی تعمیرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے کہاکہ آئین میں سڑک کے کنارے پیدل چلنے والوں کو حقوق حاصل ہیں اور فٹ پاتھ عوام کے لئے ہوتے ہیں ، اس معاملے میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ کراچی کو اس کا حق ملے اور شہریوں کے مسائل حل ہوں اور کراچی دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہوجائے ، منتخب بلدیاتی نمائندے کراچی کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور انشاء اللہ اس میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز چورنگی پر سیوریج کے مسائل ہیں جنہیں واٹر بورڈ کی مدد سے حل کریں گے، سیوریج کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی پیوند کاری اور کارپیٹنگ کا کام بھی جاری ہے یہ سلسلہ اب شروع ہوگیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ کراچی کے زیادہ سے زیادہ علاقوں میں شہریوں کو درپیش مسائل تیزی سے حل کئے جائیں،بعدازاں انہوںنے ایف بی ایریا میں ڈالی جانے والی سیوریج لائنوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود عوام سے ان کے مسائل سننے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے علاقے کے مسائل حل کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ایف بی ایریا میں موجود کھیل کے میدان کو درست کیا جائے گا تاکہ یہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی نے جو بجٹ دیا ہے وہ زیادہ سے زیادہ کراچی کے لوگوں کے لئے درست طریقے سے استعمال ہوگا ،میں خود اس کی نگرانی کروں گا اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر جتنے بھی منتخب نمائندے ہیںان سے کہوں گا کہ جہاں جہاں کام ہورہے ہیں خود گرائونڈ پر جا کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں گے اور جہاں کوئی خامی ہے یا کوئی غلط کام ہو رہا ہے تو اس کی فوری نشاندہی کریں تاکہ ہم ترقیاتی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بناسکیں، انہوں نے کہا کہ میں واٹر بورڈ سے بھی درخواست کروں گا کہ کراچی میں لوگوں کو سب سے زیادہ سیوریج کے مسائل کا سامنا ہے لہٰذا وہ شہریوں کی مشکلات کو سمجھیں اور پانی و سیوریج کے سنگین مسائل جلد از جلد حل کریں اور زیرزمین انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں تاکہ لوگوں کو روز روز کی شکایات سے نجات مل سکے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر کراچی کو ہٹانے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے،کارروائی کے بعد ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب ہوگا،پارٹی جسے چاہے گی ڈپٹی میئر منتخب کرے گی۔

متعلقہ عنوان :