کے الیکٹرک نے موسم سرما میں شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں مزید اضافہ کردیا

فجر کی نماز اور رات گئے بجلی کی بندش سے شہری شدید اذیت میں مبتلا،عدالت عالیہ سندھ سے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کردی

ہفتہ 18 نومبر 2017 17:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2017ء) کراچی میں کے الیکٹرک نے موسم سرما میں شہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں مزید اضافہ کردیا ۔بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں فجر کی نماز اور رات گئے بجلی کی بندش نے اہل علاقہ کو شدید اذیت میں مبتلا کردیا ،علاقہ مکینوں نے عدالت عالیہ سندھ سے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو پریشان کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور کمپنی مختلف طریقوں سے آمدنی بڑھانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کررہی ہے ۔پہلے بجلی کے ٹیرف میں 85پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا اور اب مختلف علاقوں میں لگائے گئے ڈیجیٹل میٹرز کے تیز چلنے کی بے شمار شکایات سامنے آرہی ہیں لیکن کے الیکٹرک حکام نے معاملے سے پہلوتہی اختیار کررکھی ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں موسم سرما کی آمد کے باوجود لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔رات گئے اور صبح فجر کے وقت بجلی بند کرکے عوام کو اذیت میں مبتلا کیا جارہا ہے ۔اس ضمن میں اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر کے الیکٹرک کو بجلی کی کمی کا سامنا ہے تو وہ پھر ہزاروں کی تعداد میں نئے کنکشن کیوں فراہم کررہی ہے ۔دوسری جانب کے الیکٹرک مزدور تنظیمیں بھی کے الیکٹرک انتظامیہ کے نشانے پر ہیں اور مزدوروں کو دی جانے والی بیشتر مراعات ختم کردی گئی ہیں ۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) لیبر یونین سندھ کی جانب سے عدالت عالیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے ،بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور کے ای ملازمین کو ملنے والی مراعات واپس لینے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے مسائل حل کرانے کے حوالے سے احکامات جاری کرے ۔