میرانام خود ایک عہدہ ہے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں،ڈاکٹر عاصم

علاج کیلئے 6ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانا تھا جس سے خود پارٹی کا عہدہ چھوڑا،آصف زرداری میرے بچپن کے دوست ہیں ان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا ،سابق وفاقی وزیر پٹرولیم

ہفتہ 18 نومبر 2017 17:21

میرانام خود ایک عہدہ ہے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں،ڈاکٹر عاصم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2017ء) سابق وفاقی وزیر پٹرولیم اور پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سابق صدر ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ میرانام خود ایک عہدہ ہے ۔مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ۔مجھے علاج کیلئے 6ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانا تھا۔جس کے باعث خود پارٹی کا عہدہ چھوڑا۔آصف علی زرداری میرے بچپن کے دوست ہیں ۔ان کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

ان کی طرف سے جو بھی ہدایات ملیں گی میں ان پر من و عن عمل کروں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ بات غلط ہے کہ مجھے پارٹی عہدے سے نکالاگیا۔مجھے کسی نے نہیں نکالا بلکہ میں نے خود یہ عہدہ چھوڑا ہے ۔مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری 3نسلوں نے کراچی کی خدمت کی ہے اور میری خواہش ہے کہ یہ خدمت اسی طرح برقرار رہے ۔

(جاری ہے)

کراچی والے میرا احترام کرتے ہیں میرے لئے یہی کافی ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ہر پارٹی میں سازشی لوگ بھی ہوتے ہیں اور سازشیں بھی ہوتی ہیں ۔لیکن آج میں سیاست پر بات نہیں کرنا چاہتا مجھ سے جو بھی سوال کرنا ہے تعلیم اور صحت کے حوالے سے کیا جائے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف دومختلف مقدمات میں467ارب اور 117ارب روپے کرپشن کے نیب ریفرنس دائر ہیں جن میں وہ ضمانت پر رہا ہیں ۔

جبکہ دوروز پہلے ہی سپریم کورٹ کی جانب سے انہیں بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت ملی تھی ۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز ترجمان بلاول میڈیا ہاؤس کی جانب سے میڈیا کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹرعاصم حسین کو پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کے عہدے سے سبکدوش کردیا ہے ۔پیپلزپارٹی کے اندرونی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی کی گئیں کہ ڈاکٹر عاصم کی فاروق ستار سے کی گئی ملاقات انہیں عہدے سے ہٹانے کا باعث بنی۔#