جو 72اراکین اسمبلی ناراض ہیں وہ کہاں ہیں ،(ن)لیگ متحد ،توڑنے کی سازش کرنیوالے ناکام ہوں گے‘ مریم نواز

18 میں شیرزور سے دھاڑے گا،عدالتی کیسز میں اللہ تعالی اچھا فیصلہ کریگا، اب وقت بدل گیا ہے ،لوگ بات کرتے ہیں ڈرتے نہیں حلقہ این اے 120کے دورہ کے موقع پر بلدیاتی نمائندوں ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات اورمیڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 نومبر 2017 15:41

جو 72اراکین اسمبلی ناراض ہیں وہ کہاں ہیں ،(ن)لیگ متحد ،توڑنے کی سازش ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جو 72اراکین اسمبلی ناراض ہیں وہ کہاں ہیں ،(ن)لیگ متحد ہے اسے توڑنے کی سازش کرنے والے ناکام ہوں گے،2018 میں شیرزور سے دھاڑے گا،عدالتی کیسز میں اللہ تعالی اچھا فیصلہ کرے گا، اب وقت بدل گیا ہے اب لوگ بات کرتے ہیں ڈرتے نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 120کے علاقہ وکٹوریہ پارک میں مقامی بلدیاتی نمائندوں ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مریم نواز کی آمد پر کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال کیا ۔بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی رہنمائوں نے مریم نواز کو مسائل سے آگاہ کیا جنہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ وہ 72 لوگ کہاں ہیں جن کے چھوڑنے کی بات ہورہی ہے، مجھے تو نظر نہیں آرہے، 72 لوگوں کے چھوڑنے کی بات کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے حقیقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ متحد ہے اسے توڑنے کی سازش کرنے والے ناکام ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے جبکہ ان کا ابھی لندن جانے کا کوئی پروگرام نہیں۔بلدیاتی نمائندوں اور رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے ، توانائی بحران کا خاتمہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے ،2013ء اور 2017ء کے حالات میں واضح فرق سب کے سامنے ہے ،سیاسی مخالفین سازشوں کی بجائے 2018ء میں مقابلے کی تیاری کریں ۔

۔انہوںنے کہا کہ عوام نواز شریف سے بیحد محبت کرتے ہیں اور نواز شریف عوام سے بڑھ کر ان سے محبت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا وژن عوام کی زندگی میں آسودگی لانا ہے اور اس پر ہر صورت کاربند رہیں گے۔ بعد ازاں مریم نواز نے یونین کونسل 62کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کچی آبادی کو ایک ہفتے کے اندر مالکانہ حقوق دئیے جائیں گے۔