سانحہ سیہون شریف کا مرکزی ملزم نادر جاکھرانی عرف مرشد گرفتار،اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد

جمعہ 17 نومبر 2017 23:01

سانحہ سیہون شریف کا مرکزی ملزم نادر جاکھرانی عرف مرشد گرفتار،اسلحہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ سی ٹی ڈی اور رینجرز حکام کی جمعہ کو مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انچارج سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے بتایا کہ سانحہ سیہون شریف کے ملزم نادر جاکھرانی عرف مرشد کو منگھو پیر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

عامر فاروقی نے بتایا کہ سانحہ سیہون کی منصوبہ بندی ڈیرہ مراد جمالی میں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس گروپ میں ملوث تمام لوگوں کا پتہ چل گیا ہے، کچھ ملزمان مارے جا چکے ہیں اور کچھ کی تلاش جاری ہے۔ انچارچ سی ٹی ڈی نے کہا کہ یہی گروپ سانحہ شاہ نورانی میں بھی ملوث تھا جبکہ ملزمان کو غیرملکی فنڈنگ اور تربیت حاصل تھی۔

(جاری ہے)

عامر فاروقی نے مزید بتایا کہ منگھو پیر سے گرفتار ہونے والے دہشت گرد نادر عرف مرشد کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جبکہ ملزم کا 5 روزہ ریمانڈ بھی حاصل کیا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے سیہون میں واقع مزار پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :