اسپیشل ایجوکیشن اسکول میرپور ماتھیلو میں بچوں کے لیے پارک بنوایا جائیگا، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

جمعہ 17 نومبر 2017 22:46

سکھر۔ 17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اسپیشل ایجوکیشن اسکول میرپور ماتھیلو میں بچوں کے لیے پارک بنوایا جائیگا تاکہ بچے کھیلوں میں حصہ لیکر ذہنی طور پر سرگرم ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور ماتھیلو میں قائم حکومت سندھ کے اسپیشل ایجوکیشن اسکول کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں پہنچ کہ بچوں میں گھل مل گئے اور ان نے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذور بچوں سے احساس محرومی کے خاتمے اور انہیں سرگرم بنانے کے لیے تعلیم دینا انتہائی ضروری ہے اس لیے معذور بچوں کے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دیں تاکہ ان کے بچے ذہنی طور پر سرگرم ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے سامنے جسمانی معذوری کی کوئی اہمیت نہیں اصل اپاہج وہ انسان ہے جو تعلیم کے زیور سے محروم ہے اس لیے بچوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں پارک بنوائیں گے تاکہ بچے کھیلوں میں حصہ لے سکیں ، اسکول میں ترقیاتی کام بھی کروائے جائیں اور بس کی مرمت بھی کروائی جائے گی تاکہ ضلع کہ مختلف علاقوں کے بچوں کو سہولت مل سکے جبکہ سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن کو بھی سفارش کی جائے گی کہ میرپور ماتھیلو اسکول کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔

قبل ازیں سکول کے پرنسپل سیف اللہ مہر نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ اس وقت اسکول میں 55 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ ضلع کے مختلف علاقوں سے بچے تعلیم حاصل کرنا چارہے ہیں مگر ان کے لیے سواری کی سہولت نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو تعلیم سمیت ووکیشنل ٹریننگ بھی دی جاتی ہے کمپیوٹر سمیت لڑکیوں کو سلائی کی ٹریننگ بھی دیتے ہیں ۔ اس موقع پر عزم نو فائونڈیشن کے ایڈمن افسر امان اللہ شر بھی موجود تھے ۔