حکومت سندھ نے صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے خواب کا پورا کرنے، تعلیمی اصلاحات لانے اور کاوشوں کا تہیہ کر رکھا ہے، صوبائی وزیر تعلیم سندھ

جمعہ 17 نومبر 2017 22:46

سکھر۔ 17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے صوبے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے خواب کا پورا کرنے، تعلیمی اصلاحات لانے اور اس سلسلے میںتمام ممکن کاوشیں کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اس سلسلے میں ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشنز کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی کونسل جنرل مس گریس شیلٹن کے ہمراہ پنوعاقل کے قریب بھیلار گائوں میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت بننے والے گورنمنٹ ہائی سکول کے شاہکار عمارت کا افتتاح کے موقع پر کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہرنے امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سندھ میں بننے والے 106اسکولوں میں سے سکھر ضلع میں 13 اسکول بنانے کا پروگرام ہے جن میں سے 9بن چکے ہیں، کیونکہ سکھر سینٹرل کمرشل حب ہے جبکہ تمام سندھ میں 23 سکول بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں معیاری تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ بچوں کو کھانے پینے کے ساتھ صحت کی سہولیات سمیت شیلٹر بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ ان سکولوں کو عالمی معیار رکھنے والے اداروں کے سپرد کیا جائیگا۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارتوں میں چلنے والے ان اسکولوں کے ذریعے طالب علموں خصوصاً لڑکیوں کی انرولمینٹ میں اضافہ ہوا ہے،۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سندھ حکومت تعمیری تعلیمی نظام متعارف کرانے کیلئے کئی سنجیدہ کوششیں لیں ہیں، جن میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی، بائیومیٹرک مانیٹرنگ سسٹم، اسٹینڈرڈ اسیسمینٹ ٹیسٹ، مفت نصاب کی فراہمی، لڑکیوں کو وظائف دینے، اسکول اسپیسفک بجٹ اور ایس ایم سیز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقیں ہے کہ ایک دن ہم صوبے کے بچوں کو ورلڈ کلاس کی تعلیم ان کے دروازوں کی دہلیز پر فراہم کرنے میں کامیاب ہونگے اور تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس کے ذریعے غربت اور ترقی کی چلینجز کا سامنا کیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سندھ کا تعلیمی نظام بہتر بنانے کیلئے آگے بڑھیں اور اپنے بچوں خاص طور پر بچیوں کو سکول کی طرف راغب کریں جس سے معاشرے میں ترقی آسکتی ہے۔

اس سے قبل امریکی کونسل جنرل مس گریس شیلٹن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تعلیم کی ترقی لئے حکومت سندھ سے شراکتداری میں فخر کرتا ہے، سندھ صوبے میں بننے والے 106اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکولوں میں سندھ کی بچیوں سمیت 60ہزار بچے معیاری تعلیم حاصل کرسکیں گے اور یہی بچے مستقبل کے اچھے اور معیاری اساتذہ، انجینئرز، ڈاکٹرز اور بہتر تاجر ثابت ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان مشترکہ طور پر مانتے ہیں کہ حقیقی اور دیرپا ترقی تعلیم سے ہی ممکن ہے، یو ایس ایڈ کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سے تعلیم کے میدان میں بہتر نتائج حاصل ہونگے اور ان عمارت کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ بچوں کو ایسے اداروں میں معیاری تعلیم یقینی طور پر مل سکے گی، انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم تمام اہم ہے اور پاکستان کی معیشت میں عورت کا اہم کردار ہے۔تقریب سے سیکریٹری تعلیم سندھ اقبال درانی، عبدالوہاب سومرو، محبوب نائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :