ڈپٹی کمشنر خیرپورنے زرعی ادویات غیر سرکاری نرخ پر ، کھاد اور بیج کی فروخت کی شکایات کا نوٹس لے لیا

جمعہ 17 نومبر 2017 22:46

سکھر۔ 17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نواز سوہو نے آبادگاروں اورکسانوں کی جانب سے زرعی ادویات ، کھاد اور بیج کے فروخت میں غیر سرکاری نرخ اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اے ڈی سی ٹو کو فوکل پرسن مقرر کرکے فوری رپورٹ طلب کرلی اس سلسلے میں اے ڈی سی ٹو عبدالکریم میمن نے ٹیم کے ساتھ پنج ہٹی کی مارکیٹ میں زرعی ادویات، کھاد، بیج اور دیگر دکانوں اور اسٹوروں کا دورہ کیا جہاں مارکیٹ میں کسی دکان پر سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکانداروں اور اسٹور مالکان کو تنبیہ کی کہ وہ آئندہ دو روز کے بعد دوبارہ دورہ کیا جائے گا جس دکان یا اسٹور پر نرخ نامہ میسر نہ ہوا تو اس کے خلاف زرعی قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے زرعی کھاد اور بیج کے تاجروں کو سخت ہدایت کہ وہ آبادگاروں اور کسانوں کو سرکاری نرخ پر اشیاء کی فروخت کے عمل کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی کی اجاز نہیں دی جائے گی اور خود ساختہ کمی پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔