اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے واک

جمعہ 17 نومبر 2017 22:37

فیصل آباد۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال میں احتیاط برتنے کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے سلسلے میں واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد نے کی جبکہ ڈاکٹربلال احمد،محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف،لیڈی ہیلتھ ورکرزاور شہری بھی واک میں شریک تھے ،واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی چوک سے ہوتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،واک کے شرکاء نے اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کی روک تھام اور احتیاط پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے،اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ شہری کسی بھی بیماری کی صورت میں خود ہی ادویات تجویز کرنے اور نیم حکیموں سے پھکیاں ودیگر ٹوٹکے لینے کی بجائے مستعدد ڈاکٹرز سے رجوع کریں تاکہ وہ دیگرمختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں،ڈاکٹربلال احمد نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کااستعمال نزلہ،زکام پیدا کرنیوالے وائرس کے تدارک کیلئے موزوں نہیں بلکہ یہ ادویات صرف بیکڑیا کی انفکشن کے خاتمے میں استعمال کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کا غلط اور بے جا استعمال انہیں بے اثر کرسکتا ہے، اس موقع پردیگر ڈاکٹرز نے بھی اینٹی بائیوٹک ادویات کے نقصانات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان ادویات کے استعمال اورفروخت میں احتیاط ضروری ہے۔