ڈویژنل عملدرآمد ورابطہ کمیٹی کا اجلاس، مزید87سکیموں کی منظوری

جمعہ 17 نومبر 2017 22:37

فیصل آباد۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژنل عملدرآمد ورابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 22کروڑ 36لاکھ روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،ایف ڈی اے اور فیسکوکی مزید87سکیموں کی منظوری دی گئی،اس سلسلے میں اجلاس ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی ہدایت پر منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق نے کی، اس موقع پرڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں عبداللہ،ایف ڈی اے،فیسکو اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے،اجلاس کے دوران لوکل گورنمنٹ کی 31 سکیموں پر 5 کروڑ 97لاکھ روپے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 34سکمیں7کروڑ36لاکھ روپے، 8 کروڑ 75لاکھ روپے سے ایف ڈی اے کی 20اور26لاکھ روپے سے فیسکو کی 2سکیموں کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے مختلف علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے منظور ہونے والی ترقیاتی سکیموں کو تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں ٹھیکیداروں کو مزید متحرک کیا جائے،انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں رہ کر سکیموں کو بلاتاخیر مکمل اور اعلیٰ تعمیراتی معیار بھی یقینی بنائیں،انہوں نے سکیموں کی منصوبہ بندی اور تیاری کے سلسلے میں متعلقہ قواعدوضوابط کو ملحوظ خاطر رکھنے پر بھی زور دیا۔