کینال روڈ کی تعمیر کا میگاپراجیکٹ جلد مکمل کرلیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

جمعہ 17 نومبر 2017 22:37

فیصل آباد۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ ٹریفک کے دبائو کے حل کیلئے 35کروڑ روپے کی لاگت سے کینال روڈکے دونوں اطراف سروس روڈ کی تعمیر کا میگاپراجیکٹ اہمیت کا حامل ہے جس پر تعمیراتی کام کو تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے گا،انہوں نے یہ بات میئرمیونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک کے ہمراہ کینال روڈ پر سروس روڈ کے منصوبے پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈائریکٹر نیسپاک امجد سعید،چیف انجینئر ایف ڈی اے اصغر علی،ڈپٹی ڈائریکٹر مہر ایوب، ایکسین میونسپل کارپوریشن خالد جاوید اور دیگر افسران بھی موجود تھے،ڈپٹی کمشنر اور میئر میونسپل کارپوریشن نے کینال روڈ پر کشمیر پل سے گٹ والا تک نہر کے دونوں اطراف سروس روڈ کے مجوزہ منصوبے اورتعمیراتی کام کا معائنہ کیااوربعض مقامات پر تجاوزات ودیگر رکاوٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ یوٹیلٹی سروسز کی جلد منتقلی کیلئے واسا،فیسکو،سوئی گیس اوردیگر محکموں سے مکمل رابطہ رکھیں،انہوں نے ہدایت کی کہ سروس روڈ کی تعمیر کا منصوبہ آئندہ ماہ فروری تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ عوام اس کے فوائد سے بلاتاخیر مستفید ہوسکیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے موجودہ سڑکوں کی کشادگی،سلپ روڈز،مصروف شاہرات پر انڈر پاسز،فلائی اوورز،چوکوں کی ری ماڈلنگ کیلئے مزید منصوبہ سازی کی جارہی ہے تاکہ ٹریفک کے آسان بہائو کے سلسلے میں شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیاجاسکے،بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے سمندری روڈ پر کینال کے ساتھ سروس روڈ کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کا بھی جائزہ لیا ۔