ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کا قومی اسمبلی میں مردم شماری کے 5 فیصد رہائشی بلاکس کی تھرڈ پارٹی آڈٹ کی تجویز منظور ہونے کا خیرمقدم

جمعہ 17 نومبر 2017 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں مردم شماری کے 5 فیصد رہائشی بلاکس کی تھرڈ پارٹی آڈٹ کی تجویز منظور ہونے کا خیرمقدم کیا۔ رابطہ کمیٹی نے حق پرست اراکین کو قومی اسمبلی میں سندھ کے شہری علاقوں کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری میں ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی، عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے، وسیع البنیاد مکالمے کے ذریعے رائے عامہ کو ہموار کیا، عوامی جلسہ منعقد کرکے عوام سے رجوع کیا اسی جدوجہد کی بدولت ہی رہائشی بلاکس کے 5 فیصد بلاکس کے آڈٹ کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

رابطہ کمیٹی نے حکومت پاکستان سے کہا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ جو آئینی ترمیم قومی اسمبلی نے منظور کی ہے اس پر اس کی روح اور متن کے مطابق عمل کیا جائے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اس اہم کامیابی پر عوام اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے اور ساتھ ہی اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑتے رہیں گے۔