قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اورہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کالجز اساتذہ کیلئے 5روزہ ورکشاپ اختتام پذیر

جمعہ 17 نومبر 2017 22:03

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے پانچ روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیل احمد، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون، ڈائریکٹر QECمیر تعظیم اختر ، ڈائریکٹر کالجز منظور کریم سمیت ورکشاپ کے ریسورسز پرسن اور شرکاء نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد نے کہاکہ ہماری خواہش تھی کہ KIUکے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں موجود کالجز میںنظام تعلیم اور معیار تعلیم کی طرف توجہ دیں۔ آج ہم نے اس ضمن میں قدم اٹھا یا ہے ۔ انشاء اللہ ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب ہونگے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ انسان کیلئے سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

آج آ پ جو سیکھیں گے وہ کل قوم کی نسل میں منتقل ہونگی۔ اس سے قبل ڈائریکٹر QECمیر تعظیم اخترنے کہا کہ اس ورکشاپ کا اہتمام کرنے میں ہائرایجوکیشن کمیشن کا نہایت اہم رول رہاہے۔ ان کے تعاون کے بغیر شاید اس نوعیت کے تربیتی ورکشاپ ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ نظام تعلیم میں معیار تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ معیار تعلیم کو برقرار رکھنا آپ اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔

اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ KIUکی طرح ڈگری کالجز میں بھی کوالٹی سیل قائم کیا جائے تاکہ کالجز میں معیار تعلیم یقینی ہو۔ رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون نے کہاکہ دو سالہ بیچلر پروگرام کا خاتمہ اور بی ایس چار سالہ پروگرام کا اجرا ء ایک قومی پالیسی ہے۔ اس پر ہم نے من و عن عمل کرناہے۔ کالجز میں اس پروگرام کے اجراء سے یہاں کے کالجز بھی ہائرایجوکیشن کمیشن کے دھارے میں شامل ہوجائیں گے۔

جس سے نہ صرف کالجز کو HECکی طرفسے سپورٹ ملیں گے بلکہ کالجوں میںدی جانیوالی تعلیم پر HECنظررکھے گی۔ ورکشاپ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز منظور کریم نے کہاکہ بی ایس چار سالہ پروگرام کے بارے میں بہت سے تحفظات تھے ۔ بہت سے خدشات تھے لیکن اس پانچ دن کے ورکشاپ نے ان تحفظات اور خدشات کو ختم کردیا ہے۔ اب ہم اپنے آپ کو اس قابل سمجھ رہے ہیں کہ بی ایس چار سالہ پروگرام کے اجراء سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

اس کا کریڈٹ KIUاور ہائرایجوکیشن کمیشن کو جاتا ہے۔ جس پر ہم KIUانتظامیہ ، QECاور HECکے حکام خاص طور پر ڈائریکٹر جنرل اکیڈمک ڈویژن HECمحمد رضا چوہان، ریسورسز پرسنز پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور اور ڈاکٹر عمر چوہدری کے شکر گزار ہیں۔ اس سے قبل تقریب میں پرنسپل ایف جی ڈگری کالج دینور گلگت سید تہذیب الحسن اور پرنسپل ایف جی فاطمہ جناح وویمن ڈگری کالج گلگت محترمہ طاہرہ ناہید نے اظہارخیال کیا اور اس نوعیت کے ورکشاپ کو کالجز پرنسپلز کے ساتھ ساتھ کالجز اساتذہ کیلئے بھی بہت ضروری قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسے ورکشاپ کے انعقاد پر زور دیا۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون اور ڈائریکٹر QECمیر تعظیم اختر نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کئے اور ریسورس پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور کو یونیورسٹی سوینئر پیش کیا۔ڈائریکٹر کالجز نے ورکشاپ کے شرکاء اور کالجز کی جانب سے ریسورسز پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور کوتخفے کے طورپر علاقے کا روایتی چوغہ اور ٹوپی پیش کیا۔