عراقی فوج نے عراق میں داعش کے آخری ٹھکانہ راوہ پر قبضہ کرلیا ،ْ عراقی پرچم لہرا دیئے گئے

جمعہ 17 نومبر 2017 21:59

عراقی فوج نے عراق میں داعش کے آخری ٹھکانہ راوہ پر قبضہ کرلیا ،ْ عراقی ..
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) عراق کی فوج نے امریکی سربراہی میں اتحادیوں کی حمایت سے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) سے تین سال سے بھی زائد عرصے تک قبضے میں رہنے والے قصبے راوہ کا کنٹرول حاصل کرلیا۔عراق کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ رسول کے مطابق فوج اور مقامی قبائلی جنگجو نے مغربی صوبے انبار کے علاقے راوہ میں پانچ گھنٹے کی لڑائی کے بعد داعش کو پیچھے دھکیل دیا گیا اور علاقے کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیا۔

عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے راوہ کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے پر فوج کو مبارک باد دی۔حیدرالعبادی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی فورسز نے رواہ کو ریکارڈ وقت میں آزاد کروا دیا ہے اور عراق کے مغربی صحرا اور شام کے ساتھ سرحد پر دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کے لیے آپریشن جاری رکھا۔

(جاری ہے)

راوہ عراق کے دارالحکومت بغداد سے 275 کلومیٹر شمال مغرب میں دریائے فرات کے قریب گزشتہ ماہ فتح ہونے والے قصبے قائم کے نزدیک واقع ہے۔

اتحادی فوج کے ترجمان ریان ڈیلن کا کہنا تھا کہ امریکی سربراہی میں اتحادی افواج نے راوہ اور قائم کے قبضے کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے انٹیلی جنس، فضائی کارروائی اور مشاورت کے ذریعے تعاون کیا۔داعش نے 2014 کے سرما میں عراق کے شمال مغرب میں ملک دوسرے بڑے شہر موصل کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد دارالحکومت بغداد کی جانب پیش قدمی کی تھی بعدازاں امریکا نے فضائی کارروائی کے ذریعے عراق کی سرحدوں پر قبضہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف مسلح مہم شروع کردی تھی اور طویل جدوجہد کے بعد فوج نے رواں سال جولائی میں موصل کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیا تھا۔

متعلقہ عنوان :