قبائل کو کے پی کے میں ضم کرکے اسے اگلے انتخابی سسٹم کا حصہ بنایا جائے،مولانا سمیع الحق

جمعیت علماء اسلام ملک میں نفاذ شریعت کے انقلابی نظام کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے ،سب کو مل کر سازشوں کامقابلہ کرنا ہوگا،خطاب

جمعہ 17 نومبر 2017 21:55

لنڈی کوتل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء)جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ اوردفاع پاکستان کونسل کے چیر مین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ قبائل فاٹا کو پاکستان میں نافذ نظام اوراصلاحات سے الگ رکھنا جسم سے اس کے اہم حصہ کو کاٹ کررکھنا ہے ،اسلئے قبائل کو کے پی کے میں ضم کرکے اسے اگلے انتخابی سسٹم کا حصہ بنایا جائے مولانا سمیع الحق یہاں لنڈی کوتل کے’’ حمزہ بابا ‘‘پارک میں ایک عظیم الشان شمولیتی جلسہ میں خطاب کررہے تھے جسمیں ہزاروں قبائلی علماء ،مشران اورمعززین نے شرکت کی ،جلسہ کااہتمام جمعیت علماء اسلام (س) نے کیا تھا ،اس جلسہ میں سینکڑوں ، علماء ، ملکان اورمعزز قبائل بھی مولانا سمیع الحق کے زندہ باد کے نعروں کے گونج میں جمعیت علماء اسلام (س) میں شمولیت کاعہد کیااور قبائل کی آزادی ، ملک کی خودمختاری اورسلامتی کیلئے مولانا سمیع الحق کاساتھ دینے کافیصلہ کیا، قبل ازیں تخت بئی سے سینکڑوں کے گاڑیوں کے جلوس میں لنڈی کوتل لے جایا گیا،خیبر ایجنسی میں داخل ہوتے ہی تمام بازاروں شہروں میں جگہ جگہ لوگوں نے مولانا پر گل پاشی کی گئی اورپھولوں کے ہار پہنائے گئے ، مولانا سمیع الحق نے اپنے خطاب میں قبائلیوں کے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کو مقدس جہاد قرار دیا ،اورکہا کہ قبائل کو علاقہ غیر کہنا ان کی توہین ہے ،وہ غیر نہیں پاکستانی قوم کے جسد واحد کااہم حصہ ہے ،اورنہ صرف جمعیت علماء اسلام اوردفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں قبائل کے انضمام کے ساتھ ہیں، جلسہ سے خیبر ایجنسی کے ایم این اے الحاج شاجی آفریدی، سابق سنیٹر حاجی عبدالرحمن فقیر اورمولانا سید یوسف شاہ مولانا عبدالحی حقانی ،مولانا عتیق اللہ ،قاری سید عالم ،اوردیگر نے خطاب کیا،جبکہ اس سے قبل شاجی آفریدی نے مولانا سمیع الحق اوردیگر مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام کایہ جلسہ لنڈی کوتل کے تاریخ میں بڑا جلسہ تھا، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پاکستان میں اصل اورحقیقی تبدیلی مکمل نفاذ اسلام سے آئی گی اوراس کے لئے پوری ملک کو غیر ملک تسلط اوراس کی دباؤ سے آزاد ہونا ضروری ہے ،مولانا نے قبائل سے اپیل کی ،کہ وہ ان مقاصد کے لئے ہمارا ساتھ دے،جمعیت علماء اسلام اس ملک میں نفاذ شریعت کے انقلابی نظام کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے ،جب تک اسلامی نظام کانفاذنہ ہوہم اسی طرح مسائل اورمشکلات کاشکار ہونگے ، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ افغانستان پاکستان بالخصوص فاٹا اورکے پے کے ایک ایک قوم ہے ،افغانستان میں بدامنی پاکستان کے لئے تباہ کن ہے ،اورپاکستان کے مشکلات سے افغانستان متاثر ہوتاہے دونوںکاباہمی اتحاد اوراعتماد ضروری ہے ، ہم سب کو مل کر سازشوں کامقابلہ کرنا ہوگا،مولانا سمیع الحق نے قبائلوں سے اپیل کہ وہ 7دسمبر کو پشاور میں جمعیت علماء اسلام (س) کے زیر اہتمام فاٹا انضمام کے بارے میں قبائلیوں کے جلسہ میں شرکت کریں۔