سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے، جام خان شورو

کراچی میونسپل کارپوریشن، سکھر میونسپل کارپوریشن سمیت صوبے بھر کی میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن کمیٹیوں کو ماہانہ بنیادوں پر ترقیاتی کاموں ، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے کروڑوں روپے کی خصوصی گرانٹس دی جارہی ہیں، شہر قائد میں ایک سال کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے گئے ہیں ، صوبائی وزیر بلدیات کا توجہ دلائو نوٹس پر جواب

جمعہ 17 نومبر 2017 21:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ کراچی میونسپل کارپوریشن، سکھر میونسپل کارپوریشن سمیت صوبے بھر کی میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن کمیٹیوں کو ماہانہ بنیادوں پر ترقیاتی کاموں ، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے کروڑوں روپے کی خصوصی گرانٹس دی جارہی ہیں۔

کراچی میں ایک سال کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی کام مکمل کروائے گئے ہیں اور مزید اربوں روپے کے کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے شہر میں پانی کے رساؤ اور سیوریج کے نظام کے کی بہتری کے لئے مہم شروع کی ہوئی ہے جبکہ سکھر میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جناح چوک فلٹر پلانٹ جو فنڈز کی کمی کے باعث بند ہوگیا تھا اب کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور آئندہ 15 روز میں یہ کام شروع کردے گا جبکہ لوئس پارک کا بند فلٹر پلانٹ نے کام شروع کردیا ہے اور دیگر پلانٹوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سندھ اسمبلی میں مختلف ارکان کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب اور بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیی بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ شارع فیصل سمیت کراچی کی مختلف سڑکوں پر سالہا سال سے کوئی کام نہیں کیا گیا تاہم موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے نہ صرف ان کی توسیع کے لئے کام کا آغاز کیا بلکہ ان کو مکمل بھی کیا گیا۔

گذر نالے اور محمود آباد نالوں سے ہزاروں کی تعداد میں موجود تجاوزات کا خاتمہ کرکے ان نالوں کی توسیع کی گئی ہے۔ شہر میں نئے انڈر پاسز اور اوور ہیڈ پل تعمیر کئے گئے ہیں اور آئندہ کے ترقیاتی کاموں میں مزید بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ جام خان شورو نے کہا کہ تجاوزات کن کے دور میں اور کس سیاسی جماعت کی ایماء پر تعمیر ہوئے اس بحث میں جانے کی بجائے ہم اپنے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کراچی کے دو اضلاع کو پہلے ہی ہم نے چائنا کی کمپنی کے ذریعے صفائی کے کام کا آغاز کردیا ہے اور مزید دو اضلاع کی سپردگی کے لئے معاہدے کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی سالوں کے کچڑے کے ڈھیروں کو صاف کردیا گیا ہے بالخصوص کراچی کے سمندر کے اطراف اور ان آبادیوں میں جہاں ماضی کی بلدیاتی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا تھا آج وہ علاقے مکمل صاف کردئیے گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن دیوان چند چاولہ کی جانب سے سکھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ماضی میں بنائے گئے جناح چوک اور لوئس پارک میں فلٹر پلانٹ کی بندش کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کو فنڈز کی کمی کا سامنا تھا اور حالات یہ تھے کہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی تھی، تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے سکھر میونسپل کارپوریشن کو تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں اور صفائی ستھرائی کے لئے ماہانہ تین کروڑ روپے کی گرانٹ کا اجرائ کیا ہے اور اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ ان روپوں سے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولیات اور صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، جس کے بعد اب لوئس پارک کا فلٹر پلانٹ مکمل طور پر بحال ہوگیا ہے جبکہ جناح چوک فلٹر پلانٹ پر 70 فیصد کام م کمل کرلیا گیا ہے اور وہاں کے مئیر نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بقیہ 30 فیصد کام وہ آئندہ 15 روز میں مکمل کرکے اس فلٹر پلانٹ کو مکمل بحال کرو۔

#

متعلقہ عنوان :