دینی مدارس میں پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب پڑھانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد تمام رجسٹرڈ دینی مدارس میں بورڈ کا تیار کردہ نصاب پڑھایا جائیگا نصاب کو اتحاد تنظیم مدارس پاکستان کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی

جمعہ 17 نومبر 2017 21:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) پنجاب حکومت نے طلباء کو جدید طرز کی تعلیم دینے کیلئے دینی مدارس میں مشاورت سے پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بک بورڈ کا نصاب پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد تمام رجسٹرڈ دینی مدارس میں بورڈ کا تیار کردہ نصاب پڑھایا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق رجسٹرڈ دینی مدارس میں پہلی جماعت سے انٹر میڈیٹ تک کورسز پڑھائے جائیں گے ۔

ثانویہ عامہ کا دو سالہ کورس میٹرک ،ہیومنیٹیز کے مضامین کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نصاب کو اتحاد تنظیم مدارس پاکستان کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی ۔ 11ویں اور 12ویں جماعت کوثانویہ خاصہ کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ثانویہ خاصہ کی کلاسز میں پری انجینئرنگ ، پری میڈیکل مضامین پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اتحاد تنظیم مدارس کو میٹرک ، ایف اے کی مساویت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار دینے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔

فیصلے کے مطابق اتحاد تنظیم مدارس کے تعاون سے یہ نیا نصاب رائج کیا جائے گا۔ اسی طرح حکومت رجسٹرڈ مدارس میں اتحاد تنظیم مدارس کے تعاون سے جدید طرز کی کمپیوٹر اور سائنس لیبز بھی بنائے گی ۔ تمام رجسٹرڈ مدارس میں پہلی سے دسویں تک مفت کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی۔نئی کتابیںدینی مدارس کی مشاورت سے تیار ہوں گی ۔جامعہ نعیمہ کے مہتم اعلیٰ علامہ راغب نعیمی نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ دینی مدارس کا نصاب مکمل طو رپر پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بک بورڈ کے ماتحت کیا جارہا ہے ۔

نصاب کی کچھ نئی کتابیں مدارس میں متعارف کرائی جارہی ہیں۔ نصاب کو ترتیب دینے کے لئے بورڈ کے ساتھ مشاورتی عمل جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ دینی مدارس کے نصاب کومکمل طو رپر پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بک بورڈ کے ماتحت لانے کا اقدام کیا گیا تو اس کی مخالفت کریں گے ۔ یہ ہونا چاہیے کہ اگر کوئی دینی مدرسہ اس نصاب کو رائج کرنا چاہیے تو اسے کی اجازت ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :