حیدرآباد میں پولیس نے ایم کیو ایم کے رہنما کے قاتل خطرناک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے،ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید اوڈھو

جمعہ 17 نومبر 2017 21:09

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) حیدرآباد میں پولیس نے ایم کیو ایم کے رہنما کے قاتل خطرناک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ، گذشتہ ماہ 25اکتوبرکی صبح حیدرآباد کے علاقہ حالی روڈ تھانہ کی حد میں ایم کیو ایم پاکستان کے سیکٹر انچارج ڈاکٹر نوشاد احمد کے ہو نے والے قتل کے الزام میں ایم کیو ایم کے کارکن شاہد عباسی عرف ڈانسر ولد عبدالشکور کو گرفتار کرلیا ہے اس حوالہ سے ڈی آئی جی حیدرآباد جاوید اوڈھو اور ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے جمعہ کی شام پریس کانفرنس کرتے ہو ئے ملزم کی گرفتاری کی تفصیلات بتائیں پولیس کے مطابق شاہد ڈانسر ایک خطرناک ملزم ہے جس پر 2004ء میں ایم کیو ایم حیدرآباد ذونل کے ممبر سلیم انقلابی 2014ء میں پیار علی سموں اور محمد خان پڑھیار کے قتل سمیت حیدرآباد اور میرپورخاص میں16سنگین مقدمات درج ہیں ملزم جیل سے ضمانت پر رہا تھا کہ رہائی کے بعد اس نے مذکورہ واردات کرتے ہو ئے اپنے ساتھی کامران عرف کریلا کے ساتھ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر نوشاد احمد کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر اس وقت قتل کردیا تھا جب وہ اپنے بچے کو اسکول چھوڑ کر گھر آرہے تھے ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے شناخت کرلیا گیا تھا اور مقتول کے بھائی نے حالی روڈ تھانہ میں زیر دفعہ 302,324کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد سے پولیس ملزمان کا پیچھا کررہی تھی انہوں نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد ملزمان کا ایک مقام پر گھیراؤ کیا گیا جہاں انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان کے پاس گولیاں ختم ہو گئیں اور شاہد ڈانسر نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کردیا جبکہ اسکا ساتھی کامران کریلا فرار ہو گیا شاہد ڈانسر کے قبضہ سے پسٹل اور موٹرسائیکل ملی ہے جو اس نے دوران واردات استعمال کیں-