محکمہ سپورٹس فاٹاکے زیراہتمام آل فاٹاانٹرسکولز سپورٹس انعقاد،خیبر ایجنسی کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا

جمعہ 17 نومبر 2017 21:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس فاٹاکے زیراہتمام قبائلی علاقہ جات میں پہلی بارتاریخی آل فاٹاانٹرسکولز سپورٹس منعقد کیا گیا جس میں خیبر ایجنسی کے کھلاڑیوں نے میدان مار لیا ‘جمرود سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے چار روزہ مقابلوں کے آخری روز بھی مختلف ایونٹس کا انعقاد ہوا اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن فاٹا ہاشم خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا محمد نواز خان ‘ڈائریکٹر انفارمیشن سلام وزیر‘اے پی اے جمرود ریاض خان ‘تحصیلدار جمرود شکیل برکی‘تحصیلدار ملاگوری عجم خان‘ایجنسی سپورٹس منیجرراحد گل ملاگوری ‘سعید اختر ‘نور اللہ وزیر ‘تاج محمد وزیر ‘فضل اکبر خلجی‘امجد حسین ‘حسین خان ‘ساجد آفریدی ‘ خورشید اقبال ‘اعوان حسین ‘ایوب خان ‘نور شیراز ‘ خاطر آفریدی ‘امیر محمد ‘حنیف خان ‘ خیبرگرین کرکٹ کلب کے صدر حاجی تیمور آفریدی‘محمد عامر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘اختتامی روز رنگا رنگ تقریب جمرود سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی اور مقابلوں کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق ہاکی میں خیبر ایجنسی نے پہلی جبکہ ایف آر کوہاٹ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ‘ایتھلیٹکس میں خیبر ایجنسی نے ٹرافی اپنے نام کی جبکہ نارتھ وزیرستان کی ٹیم رنراپ رہی ‘کرکٹ میں نارتھ وزیرستان نے کامیابی اپنے نام کی جبکہ مہمند ایجنسی کی ٹیم رنر اپ رہی‘ٹیبل ٹینس میں باجوڑ نے پہلی جبکہ خیبر ایجنسی نے دوسری پوزیشن حاصل یک ‘باسکٹ بال میں خیبر ایجنسی نے ٹرافی جیت لی جبکہ کوہاٹ کی ٹیم رنر اپ رہی ‘فٹبال میں خیبر ایجنسی نے ٹرافی اپنے نام کی جبکہ سائوتھ وزیرستان کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی ‘بیڈمنٹن میں کرم ایجنسی اول جبکہ مہمند ایجنسی دوئم رہی جبکہ والی بال میں مہمند ایجنسی نے پہلی اور خیبر ایجنسی نے دوسری پوزیشن حاصل کی مجموعی طور پر سب سے زیادہ ٹائٹل خیبر ایجنسی نے حاصل کئے آخر میں ڈائریکٹر ایجوکیشن فاٹا ہاشم خان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا نواز خان نے کہا کہ تمام گرائونڈز کو آباد کیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور آگے آنے کے مواقع فراہم کریں اور اسی جذبے اور مشن کو سامنے رکھ کر کام کررہے ہیں جس میں بڑی کامیابی ملی ہے اور آئندہ بھی اس قسم کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے ہمیں مزید اچھے کھلاڑی میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ بوائز کے بعد اب گرلز سکولز سپورٹس فیسٹیول پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیاجائے گا۔