ہم پر چوری اور کرپشن کے الزامات لگانیوالوں نے کیا ساڑھے چارسال تک مہندی لگارکھی تھی ،تبدیلی والوں کو آخری وقت میں میٹرو اورفلائی اووریاد آنے لگے ہیں ،پختونوں کو دھوکہ دینے والے سن لیں ان کے حساب کتاب کا وقت قریب آگیاہے ،پختون قوم بلے کو دریائے سندھ میں ڈبوکر اختیارات واپس پختونخوا لائیں گے،

صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی امیرحیدرخان ہوتی کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

جمعہ 17 نومبر 2017 21:08

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہاہے کہ ہم پر چوری اور کرپشن کے الزامات لگانے والوں نے کیا ساڑھے چارسال تک مہندی لگارکھی تھی تبدیلی والوں کو آخری وقت میں میٹرو اورفلائی اووریاد آنے لگے ہیں پختونوں کو دھوکہ دینے والے سن لیں ان کے حساب کتاب کا وقت قریب آگیاہے ،پختون قوم بلے کو دریائے سندھ میں ڈبوکر اختیارات واپس پختونخوا لائیں گے، وہ جمعہ کو مردان کے یونین کونسل بغدادہ میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ،جس میں درجنوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا، امیرحیدرخان ہوتی نے نئے شامل ہونے والوں کوسرخ ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں مبارک باد دی، اپنے خطاب میں اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ میرے بھائی کو عدالت نے باعزت بری کردیاہے جب میرے خلاف تبدیلی والوں کو کچھ نہیں ملا تو مساجد کی رقوم کا معاملہ نکال لے آئے ،انہوںنے کہاکہ عمران خان اور پرویز خٹک نے مل کر ایک جائے نماز تک نہیں خریدی اگر اللہ کے گھروں کی خدمت جرم ہے تو ہمیں اس پر فخر ہے اوراقتدار میں آکر دوبارہ مساجد اور مدارس کی خدمت کریں گے، انہوںنے کہاکہ صوبے کے غریب عوام صوبائی حکومت سے تنگ آچکے ہیں ان کے حقوق کا تحفظ اے این پی کے بغیر کوئی جماعت نہیں کر سکتی، امیرحیدرخان ہوتی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اے این پی پر الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیںاور قوم کو بتائیں کہ لندن فلیٹس اور پانامہ میں کس کے نام ہیں انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے چار سال میں عوام کی کونسی خدمت کی ہے کوئی تبدیلی نہ لاسکے البتہ صوبے کے پرانے ڈھانچہ کو ہلاکررکھ دیاہے جس سے عوام مزید مسائل اورمشکلات سے دوچارہوچکے ہیں امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ آج ساڑھے چار سال بعد پی ٹی آئی کے وزیر کو مردان کی خدمت کی یاد ستانے لگی ہے وہ جن منصوبوں کے افتتاح کررہے ہیں اے این پی کے دور میں یہ منصوبے وارڈ صدر مکمل کرتے تھے انہوںنے کہاکہ حکومت چارسال تک سوئی رہی آخری مہینوں میں میٹرو اور فلائی اوور کے منصوبے شروع کرنا عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکے کے مترادف ہے، انہوںنے کہاکہ صوبے میں کرپشن مافیا کا راج ہے ہم کسی پر الزامات نہیں لگاتے لیکن آج مخالفین اور پی ٹی آئی کے اپنے وزراء اور اراکین اسمبلی ایک دوسرے کی کمیشن اور لوٹ مار کی کہانیاں سامنے لا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبے کا خزانہ لوٹ لیا گیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے نام پر بیرونی دنیا سے اتنے قرضے لئے گئے ہیں کہ اب انہیں چکانے کیلئے آنے والی حکومتوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، پختون تبدیلی کی حقیقت جان چکے ہیں اور مستقبل میں وہ کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے کارکن 2018کے انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کریں ، پی ٹی آئی کی حکومت نے اے این پی کے دور حکومت کے منصوبوں کو بند کرکے مردان کے عوام کیساتھ ذیادتی کی ہے لیکن اقتدار میں آکر نہ صرف پرانے منصوبوں کو مکمل کریں گے بلکہ موجود ہ حکومت کے منصوبوں کو بھی فنڈز جاری کریں گے انہوںنے مزید کہاکہ ہماری سیاست کا محور پختون قوم ایک جھنڈے تلے اکٹھا کرناہے ۔

متعلقہ عنوان :