صحافی عبدالقیوم شیخ ضلع چکوال کی صحافتی تاریخ کا ایک روشن ستارہ تھے،خواجہ بابر سلیم

جمعہ 17 نومبر 2017 21:07

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء)ڈویژنل یونین آف جرنلسٹس راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل خواجہ بابر سلیم محمود نے جمعہ کے روز بتایا کہ سینئر صحافی عبدالقیوم شیخ ضلع چکوال کی صحافتی تاریخ کا ایک روشن ستارہ تھے اور ان کی پینتیس سالہ صحافتی خدمات کو آنیوالے عرصے تک یاد رکھا جائے گا اور ضلع چکوال میں موجودہ صحافت میں جو حیرت انگیز ترقی ہوئی ہے شیخ عبدالقیوم ان کے بانیوں میں تھے تلہ گنگ میں مقامی صحافت کو روشناس کرانے میں عبدالقیوم شیخ کا کلیدی کردار تھا، وہ سینئر صحافی عبدالقیوم شیخ کے اعزاز میں منعقد ہونیوالی تقریب پذیرائی میں گفتگو کررہے تھے، تقریب کی صدارت عبدالقیوم شیخ کے صاحبزادے محسن قیوم شیخ نے کی جن مقررین نے اظہار خیال کیا ان میں فتح نور میر، سید ارشاد کاظمی، ملک صفی الدین صفی، چوہدری عبدالجبار، ظہیر یوسفی، محمد خان عاقل اور محسن قیوم شامل تھے، مقررین نے عبدالقیوم شیخ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شیخ عبدالقیوم کے قلم سے کسی بھی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا نہ کسی کی دل آزاری کی بلکہ بھرپور طریقے سے صحافت کی، سید ارشاد کاظمی نے کہا کہ وہ میرے استاد تھے، چوہدری عبدالجبار نے کہا کہ مجھے خبر لکھنے کا ڈھنگ عبدالقیوم شیخ نے سکھایا، صفی الدین صفی نے کہا کہ عبدالقیوم شیخ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ظہیر یوسفی نے کہا کہ صحافتی رہنمائی میں عبدالقیوم شیخ نے مجھے بہت کچھ سکھایا، محمد خان عاقل نے کہا کہ عبدالقیوم شیخ کا خلاء صدیوں تک پر نہیں ہوسکے گا، محسن قیوم شیخ نے تمام مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کااظہار کیا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ اپنے والد کے صحافتی ورثے کو آگے بڑھائیں، اس موقع پر عبدالقیوم شیخ کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں دیا جانیوالا دھن چوراسی ایوارڈ محسن قیوم شیخ نے وصول کیا۔