تعمیرات میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے،نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 17 نومبر 2017 21:04

تعمیرات میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے،نواب ثناء اللہ خان زہری
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گوادرمیں سرکاری عمارات کی تعمیر مستقبل کی ضروریات اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری شعبہ میں دفاتر ، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز سمیت دیگر عمارات اس طرح ڈیزائن کی جائیں جو موسمی اثرات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تمام ضروریات پوری کر سکیں اور تعمیرات میں اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف شعبوں میں عمارات کی تعمیر کے مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں کیا۔سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (منصوبہ بندی و ترقیات) قمر مسعود، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات شیرخان بازئی اور سیکرٹری خزانہ حیدر علی شیکوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے کنسلٹنٹ کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر سمیت تمام شعبوں میں دیرپابنیادوں پر سٹیٹ آف دی آرٹ عمارات کی تعمیر سے نہ صرف مستقبل کی ضروریات پوری ہوسکیں گی بلکہ وقت اور سرمائے کی بھی بچت ہوگی، انہوں نے کہا کہ گوادر مستقبل کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے جارہا ہے جہاں ملکی اور بین الاقومی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے مستحکم بنیادوں پر بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی ضروری ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادرصوبے کا سرمائی دارالحکومت بھی ہے اس تناظر میں گوادر میں سیکرٹریٹ کمپلکس اور دیگر دفاتر کے قیام کے لئے عمارات کی تعمیر کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیاجائے۔