منفی سیاست کرنیوالوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے، 2018 کے انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دیں گے‘شہبازشریف

عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے کی کوشش کرنیوالے سیاسی عناصر قوم پر رحم کریں اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے جھوٹ کے منصوعی سہارے کے ذریعے باشعور عوام کو گمراہ نہیںکرسکتے،زمینوں پر قبضے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کررہے ہیں عوام بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ کی اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 17 نومبر 2017 20:46

منفی سیاست کرنیوالوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے، 2018 کے انتخابات میں عوام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ترقی کے پہیے کو روکنا کیا عوام کی خدمت ہی عوام کی خدمت سے یکسر عاری عناصر کو ملک کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی ،سیاسی شعبدہ بازوں نے عوام کی خدمت کی بجائے قوم کا وقت برباد کیاہے ، الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے، 2018 کے انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے،ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا ہے،پاکستان ہمارا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقا ت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف دشنام طرازی کی سیاست کر رہے ہیں۔ جھوٹ کے منصوعی سہارے کے ذریعے باشعور عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔

جھوٹ کے پائوں نہیں ہوتے ۔اس لئے ہر موقع پر جھوٹ بولنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ سچ اور حق ہر قدم پر سرخرو ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر قوم پر رحم کریں۔ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اسے ہر حال میں پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکلات کی راہ سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے اور منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔

مخالفین جو مرضی کہتے رہیں ہم عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے پرعزم ہیںاورملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ عوام کی خدمت کے لئے بھرپور جذبے سے کام کر رہے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہم نے قومی وسائل شفاف طریقے سے قوم پر صرف کئے ہیں۔

زمینوں پر قبضے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کرتے ہیں۔ بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلودہ گریبان میں جھانکیں۔ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ شکست خوردہ عناصر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی تمام تر سیاست دشنام طرازی اور جھوٹ پر مبنی ہے اور یہ پاکستان میں انتشار ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیں۔ با شعور عوام ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے والوں کو اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹریز عالم داد لالیکا، چوہدری ارمغان سبحانی اور رکن قومی اسمبلی طاہر بشیر چیمہ شامل تھے۔