اسلام آباد کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہماری ترجیح ہے،میئر شیخ انصر عزیز

جمعہ 17 نومبر 2017 20:09

اسلام آباد کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہماری ترجیح ہے،میئر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء)میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہماری ترجیح ہے کیونکہ یہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بیرون ملک بھی اسلام آباد و ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ مختلف کھیلوں سے وابستہ نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) قومی فریضہ سمجھ کر تمام سہولیات فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں سنگا پورمیں ہونے والی ایشین باڈی بلڈنگ چمپین شپ میں دو سونے کے تمغے جیتے والے اسلام آباد کے نوجوان باڈی بلڈر اوصاف یعقوب کو شیلڈ دینے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیئرمین یونین کونسل آئی نائن سردار مہتاب (ایڈووکیٹ)، راجہ وحید الحسن چیئرمین یونین کونسل G-8 ، مرکزG-9 کے تاجر نمائندوں کے علاوہ اسلام آباد کی دیگر یونین کونسلوں سے منتخب نمائندے موجود تھے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے کو بتایا گیا کہ اوصاف یعقوب مرکز G-9 کے محنت کش تاجر ہیں اور باڈی بلڈنگ کے شعبے کو اپنی مدد آپ کے تحت اپناتے ہوئے نہ صرف مسٹر اسلام آباد کا اعزاز حاصل کیا بلکہ سنگاپور میں ہونے والی باڈی بلڈنگ چمپیئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔اس چمپیئن شپ میں دنیا کے 60 ممالک کے باڈی بلڈرز نے شرکت کی۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے اور اس کو فروغ دینے کے لیے ایم سی آئی تمام وسائل مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ باڈی بلڈنگ سمیت دیگر نئی سپورٹس کو فروغ دینے کے لیے ایم سی آئی نجی شعبے کے تعاون سے مختلف اقدامات کر رہی ہے جس میں اسلام آباد کے مختلف شہروں میں موجود لائبریری اور فٹنس سینٹرز کو اپ گریڈ کر کے مقامی منتخب نمائندوں کی مدد سے فنکشنل کیا جائے گا۔