سرگودھا، ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہریوں کو نقدی ، زیورات سے محروم کر دیا گیا

جمعہ 17 نومبر 2017 20:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) پولیس گشت اور ناکوں کے باوجود شہر اور گردونواح میں چوری و ڈکیتی کی نہ تھمنے والی وارداتیں جاری، شہریوں کو لاکھوں کے سامان ، نقدی اور طلائی زیورات سے محروم کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے حساس ترین علاقہ کینٹ کے بنگلہ نمبر 10 میں چار مسلح ڈاکوئوں نے سرشام محمد سلیم ارشد کی رہائش گاہ پر گھس کر اہلخانہ کو اسلحہ کے زور پر کمروں میں بند کردیا اور گھر سے چودہ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات ، 4 لاکھ کی نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر کوٹھی کا گیٹ لاک کرکے فرار ہوگئے۔

تھان سیٹلائٹ ٹائون کے علاقہ وائی بلاک میں دو مسلح ڈاکوئوں نے خاتون کشور بی بی سے گن پوائنٹ پر نقدی اور موبائل چھین لیا جبکہ جنرل بس سٹینڈ سے ملحقہ ہارڈ ویئر کی دوکان میں گھس کر دو مسلح ڈاکوئوں نے دکان کے مالک ملک مقصود احمد سے اسلحہ کے زور پر دن بھر کا کیش ایک لاکھ نوے ہزار روپے چھین کر لے گئے۔

(جاری ہے)

چک 56 شمالی میں تین مسلح ڈاکوئوں نے محمد اصغر سمیت متعدد راہگیروں سے ہزاروں کی نقدی قیمتی موبائل فون اسلحہ کے زور پر چھین لیے۔

بھلوال روڈ گل والہ میں دو مسلح ڈاکوئوں نے کریانہ کی دکان میں گھس کر دکان کے مالک شیخ منیر احمد سے گن پوائنٹ پر دن بھر کا کیش پچاس ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تمام وارداتیں سرشام رونما ہوئیں مگر پولیس ان پر قابو نہ پاسکی۔ کینٹ کے علاقہ عثمانیہ کالونی میں نجی موبائل کمپنی کے ٹاور روم رات کے تاریکی میں گھس کر نامعلوم افراد نے ساڑھے نو لاکھ روپے کا سامان بیٹریاں وغیرہ چوری کرلیں۔ ساہیوال کے علاقہ ڈیرہ میں نامعلوم افراد نے نزاکت اقبال کے گھر سے موٹر سائیکل چوری کرلیا۔

متعلقہ عنوان :