نواز لیگ اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ، حکمران ملک کو دیوالیہ کرنا چاہتے ہیں:عبدالعلیم خان

ملک مطلوبوں اور مشکوکوں کے رحم و کرم پر ہے ، ڈار کو پاکستان بلا کر ای سی ایل میں نام ڈالا جائے

جمعہ 17 نومبر 2017 19:56

نواز لیگ اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ، حکمران ملک کو دیوالیہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) صدر سینٹرل پنجاب پاکستان تحریک انصاف عبدالعلیم خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حکمران طبقے نے ملک و قوم کو عالمی برادری میں رسوا کر کے رکھ دیا ہے پاکستان مطلوبوں اور مشکوکوں کے رحم و کرم پر ہے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ عدالت کو مطلوب ملزم پاکستان کا وزیر خزانہ ہے جو پوری قوم کے لیے باعث شرمندگی کا باعث ہے لیکن نواز لیگ نے سیاسی اخلاقیات کا مکمل جنازہ نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ برقرار رکھنے کے خواہش مند عوامی قہر کو آواز دے رہے ہیں عوام پہلے ہی حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہے اور بد ترین معاشی حالات میں زندگی بسر کر ر ہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا حیران ہے کہ ایسے شخص کو ملک کا وزیر خزانہ بنا رکھا ہے جس کے نہ صرف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی ہو چکے ہیں بلکہ ہر لمحہ بڑھتا ہوا عوامی نفرت کا سیلاب سب کچھ بہا لے جانے کیلئے مچل رہا ہے لیکن نا اہل وزیر اعظم کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک نا اہل اور نیم نا اہل وزیر اعظم چلا رہے ہیں پاکستان کے فیصلے بیرون ملک کے ہسپتالوں میں بیٹھ کر ہو رہے ہیں ملک میں احتساب کا دائرہ وسیع ہونے کے بعد امید کی جاتی ہے کہ حکومت برطانیہ کو(ن) لیگ کیلئے علیحدہ ہسپتال بنانا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی سچ ہے کہ اخلاقی شکست کے بعد کوئی بھی زمینی فتح حاصل نہیں کر سکتا ،2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کا مقابلہ پاکستان کی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ صرف کرپشن سے ہے انہوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر نواز لیگ حکومت کی کرپشن کو اب نہ روکا گیا او ر انتخابات کے انعقاد کا اعلان جلد از جلد نہ کیا گیا تو شاید ہمارے پاس بچانے کیلئے کچھ نہ بچے ۔

ایک خاندان کی موروثی سیاست کو تحفظ دینے کیلئے کروڑوں انسانوں کی زندگیوں اور مستقبل کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا ،ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں انہوں نے کبھی آئین پاکستان کی کتاب کو کھول کر بھی نہیں دیکھا ہو گا عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوامی مطالبہ کبھی غیر آئینی نہیں ہوتا کیونکہ آئین تو خود ہی عوامی مرضی اور منشاء کا مظہر ہوتا ہے آئین کی رو سے نابلد لوگ ایسے بیانات جاری کر کے اپنی کرپشن کو چھپانا اور عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں مگر وقت ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :