نیب لاہور نے حسن نواز اور حسین نواز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کردی

جمعہ 17 نومبر 2017 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2017ء) نیب حکام نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے لئے چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب لاہور نے حسن نواز اور حسین نواز کے نام عدالت سے اشتہاری قرار دینے کے بعد ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے اور اس مقصد کے لئے نیب حکام وزارت داخلہ کو باقاعدہ خط تحریر کرے گا۔

حسن نواز اور حسین نواز لندن میں مقیم ہیں اور کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے لندن میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں عدالت نے ان کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ان پر اربوں روپے منی لانڈرنگ اور ناجائز اثاثے بنانے ک االزام بھی ہے۔ نواز شریف کے دونوں بیٹوں نے برطانوی شہریت کا سہارا لے کر پاکستان آنے سے مسلسل انکار کر رکھا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور ان دونوں مفرور کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ نیب حکام نے اب فیصلہ کیا ہے کہ ان دونوں مفرور ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔۔