وانا میںحکومت کی رٹ مکمل طور پرقائم ہے،احمدزئی وزیرقبائل

جمعہ 17 نومبر 2017 19:42

جنوبی وزیرستان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) جنوبی وزیرستان احمدزئی وزیرقبائل کے سرکردہ عمائدین نے کہاہے کہ وانا میںحکومت کی رٹ مکمل طور پرموجود ہے ،مغربی میڈیا میں وانا میں طالبان کی دوبارہ آمد کی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے،حکومت اور احمد زئی وزیر قبائل کے درمیان 2007ء میں جو امن معاہدہ ہوا ہے اس پر عمل در آمد جاری ہے،امن کے قیام کے لئے احمد زئی وزیر قبائل نے لشکرکشی کرکے غیر ملکیوں کو وانا سے نکال دیاتھا اور اس لشکر کشی میں چالیس سے زائد لشکر کے جوان شھید ہوئے تھے،اب علاقے میں مکمل طور پر امن قائم ہوچکاہے اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جنوبی وزیرستان وانا کے احمد زئی وزیرقبائل کے سرکردہ عمائدین ملک رحمت اللہ وزیر ،مولانا تاج محمد وزیر ،مولانا میرزاجان وزیر ،مولانا سلطان وزیر اور دیگر عمائدین نے رستم اڈہ وانا میں جمعہ کے دن منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احمد زئی وزیر قبائل کے دیگر سرکردہ عمائدین اور تاجر بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔پریس کانفرنس کے لئے مقامی میڈیا کے لئے ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسمعیل خان سے بھی پرنٹ اور الیکٹرانکس میڈیا کے نمائندوں کو مدعو کئے گئے تھے۔ان کا کہناتھا کہ وانا میں طالبان کی موجودگی کے حوالے سے رپورٹس مکمل طور پر جھوٹ پرمبنی ہے اورہم اس قسم کی من گھڑت وبے بنیادخبروں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔