دوسرا افتخار شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ شنواری سٹارز نے جیت لیا

جمعہ 17 نومبر 2017 19:34

دوسرا افتخار شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ شنواری سٹارز نے جیت لیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) شنواری سٹارز نے یونائیٹڈ فٹ بال کلب کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر دوسرا افتخار شہید ناک آئوٹ فٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا، احمد شنواری کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری امجد عزیز ملک اختتامی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ملک شفقت خلیل کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر منتظمین حصار اللہ، عطاء اللہ، لیاقت استاذ، نواب آفریدی، الطاف خان ، عباد خان، اظہار خلیل اور محمد خلیل بھی موجود تھے۔

نودیہہ بالا میں اپنی مدد آپ کے تحت افتخار شہید کی یاد میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں ضلع پشاور سے 36 ٹیموں نے حصہ لیا جن میں شنواری سٹارز اور یونائیٹڈ فٹ بال کلب نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا تاہم میچ میں شنواری سٹارز کا پلڑا بھاری رہا اور یکطرفہ مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

امجد عزیز ملک نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ اگلے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ کسی طرح علاقے میں باقاعدہ گرائونڈ کا بندوبست کیا جائے تاکہ مقامی کھلاڑیوںکو کھیلنے کے بہتر مواقع ملے۔

انہوں نے دیہی علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اگر یہی جذبہ جاری رہا تو عنقریب علاقے سے قومی سطح کے کھلاڑی سامنے آئیںگے۔

متعلقہ عنوان :