حمزہ علی عباسی کے پروگرام’ایچ کیو ڈبیٹ‘میں پاکستانی پاسپورٹ بارے ہتک آمیز تبصرہ

پیمرا نے بول نیوزکو ایک لاکھ جرمانہ کردیا،جبکہ ٹی وی انتظامیہ کو ناظرین سے معذرت نشر کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ترجمان پیمرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 نومبر 2017 18:45

حمزہ علی عباسی کے پروگرام’ایچ کیو ڈبیٹ‘میں پاکستانی پاسپورٹ بارے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 نومبر2017ء) : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ(بول نیوز) پر مورخہ 5ستمبر 2017کو اینکر حمزہ علی عباسی کے پروگرام ’ایچ کیو ڈبیٹ‘میں پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق ہتک آمیز تبصرے پر ٹی وی چینل کوناظرین سے ایک ہفتے کی مدت میں یعنی 24نومبر 2017تک اُسی انداز اور انہی اوقات میں معذرت نشر کرنے کا حکم دیا ہے ۔

نیزمذکورہ تبصرے سے لاکھوں ملکی و بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانیوں کا دل دکھانے پر چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جرمانہ کی رقم تین ہفتوں میں ادا کرنا ہوگی ۔ ریگولیٹر نے چینل انتظامیہ کو معذرت پر مبنی تحریر بھی فراہم کی ہے جس کے تحت ’5ستمبر 2017کو پروگرام ’ ایچ کیو ڈبیٹ ‘میں میزبان حمزہ علی عباسی نے پاکستانی پاسپورٹ کا نام لے کر غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کیا جس سے دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئے ہیں۔

اس پر پیمرا نے ہمیں معافی نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چینل انتظامیہ غیر ذمہ دارانہ الفاظ کے نشر ہونے پر تمام پاکستانیوں اور ناظرین سے معذرت خواہ ہے۔‘ عدم پیروی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی سیکشن 30کے تحت کاروائی کی جائیگی۔