پاکستان کی سیاسی قیادت پاک۔ آسٹریلیا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے،

دونوں ممالک جمہوریت، تجارت اور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں،پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے، سردار ایاز صادق آسٹر یلیا اور کینیڈا کے ہائی کمشنروں کی سپیکر قومی اسمبلی سے علیحدہ علیحدہ ملاقا تیں،باہمی پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 17 نومبر 2017 18:30

پاکستان کی سیاسی قیادت پاک۔ آسٹریلیا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعہ کے روز آسٹریلیا اور کینیڈاکے ہائی کمشنروں نے پارلیمنٹ ہائوس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت پاک۔

آسٹریلیا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین سیاسی و معاشی تعاون میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جمہوریت، تجارت اور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقائی و عالمی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو بھی اجا گر کیا۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطے باہمی تعلقات کو وسعت دینے میں بنیادی جز و کی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔آسٹریلیا کی ہائی کمشنرMs. Margaret Adamson نے سپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی وفود کے تبادلو ں اور عوامی رابطوں میں اضافے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

انہوں نے دہشت گری کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان میں امن و سلامتی اور معاشی ترقی کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔بعد ازاں، کینیڈا کے ہائی کمشنر Mr. Perry John Calderwood سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقا ت کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و عوامی روابط کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان کے مابین رابطوں میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ترقی پسند اوراعتدال پسند قوتوں پر مشتمل ہے اور عوامی و فلاحی معاملات پر قانون سازی کے لئے سرگرم عمل ہے۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر Mr. Perry John Calderwood نے سپیکر قومی اسمبلی کے کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینیڈا بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و معاشی شعبوں میںتعاون کو فروغ دیکر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کینیڈا کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔