سی پیک منصوبہ سب کے لیے فائدہ مند ہے، ہم زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکتے ہیں ، سید ناصر حسین شاہ

جمعہ 17 نومبر 2017 18:03

سی پیک منصوبہ سب کے لیے فائدہ مند ہے، ہم زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکتے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اطلاعات و محنت سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سی پیک پر پاکستان پیپلز پارٹی بڑی فراخدلی سے اپنی پالیسی پر کاربند ہے، یہ منصوبہ سب کے لئے فائدہ مند ہے، اس سے ہم زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکتے ہیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ میں منعقدہ ’’سی پیک چیلینجز اور وے فارورڈ‘‘ کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں دیگر صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر، موٹر وے کے علاوہ کیٹی بندر جیسے منصوبے بھی سی پیک میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاھ نے مزید کہا کہ ہمیں منصوبہ کے متعلق مختلف ابہام کو دور کرنا ہوگا اوراس کے لئے ضروری ہے کہ ہمیں بھارت اور اس کی اتحادی قوتوں کے ناپاک عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے جو اس منصوبے کو منفی انداز میں پیش کرتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک سینیٹر مشاہد حسین سید نے سی پیک اور پاکستان کی اسٹریٹیجک اہمیت کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے عظیم قائد بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا ویژن دیکھئے کہ انہوں نے اکتوبر 1947ء میں ایک غیر ملکی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دن جیو پولیٹیکل کا حامل ہو گا جو آج سچ ثابت ہو کر سی پیک کی شکل میں سامنے ہے اور اس منصوبے کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت اس خطے میں مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں سی پیک کو سمجھنے سے پہلے اس پس منظر کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار سے سابق مشیر سندھ و مشہور ماہر اقتصادیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے سی پیک کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات کو خفیہ رکھنے پرزور دیا۔ چئیرمین ضلع کونسل گوادر بابو گلاب نے گوادر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے مقامی لوگوں کی شرکت اور صلاحیت بڑھانے پر زور دیا۔

سیمینار سے صدر سرحد چیمبر زاہد اللہ شنواری، محمود نواز شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینیجمینٹ روشن علی شیخ نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے سی پیک کی اسٹریٹجک، اہمیت اور تمام مقامی وسائل کو یکجا کرکے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ سیمینار میں ایڈوائزر انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ و سی پیک پنجاب حکومت منصوبہ بندی و ترقیات بورڈ میجر جنرل ریٹائرڈ زاہد شاہ، چینی قونصل جنرل کراچی وانگ یو سمیت منیجمنٹ کورس کے شرکاء نے بھی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ نے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء اور مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :