نواز شریف نے لاہور میں مصروف دن گزارا، ڈیفنس کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد عوام میں گھل مل گئے

نمازیوں نے سابق وزیر اعظم کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں ،ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے دعا کیا کریں ‘ نواز شریف خواجہ آصف کی رہائشگاہ پر جا کر بیٹی کی شادی کی مبارکباد دی، مجموعی سیاسی صورتحال اور خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا آج کا پاکستان 2013ء سے بالکل مختلف ہے،جمہوریت کی مضبوطی کیلئے پہلے بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرینگے‘ غیر رسمی گفتگو

جمعہ 17 نومبر 2017 17:38

نواز شریف نے لاہور میں مصروف دن گزارا، ڈیفنس کی مسجد میں نماز جمعہ کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے لاہور میں مصروف دن گزارا،ڈیفنس کی مقامی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد عوام میں گھل مل گئے جنہوںنے سابق وزیر اعظم کے ہمراہ سیلفیاں بنائیں ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی رہائشگاہ پر گئے اور انہیں ان کی بیٹی کی شادی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، خارجہ امور سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ایڈن ولاز میں شریف خاندان کے پروٹوکول آفیسر علیم بٹ مرحوم کی رہائشگاہ پر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے علیم بٹ کے اچانک انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ۔

بعد ازاں نواز شریف پارٹی کے کارکن اشتیاق بوبی کی رہائشگاہ پر گئے اور ان سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سابق وزیر اعظم معروف صنعتکارفاروق خان کی رہائشگاہ ڈیفنس بھی گئے ۔ نواز شریف نے یہیں پر مقامی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی ۔ اس موقع پر نواز شریف عوام میں گھل مل گئے جنہوںنے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کے ہمراہ سیلفیان بنائیں ۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کیا کریں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی ترقی کے لئے دن رات کوشاںہے انشا اللہ پاکستان آگے سے آگے بڑھے گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء سے بالکل مختلف ہے۔حکومت نے ملک سے دہشتگردی، لوڈ شیڈنگ اور افراتفری کا مکمل خاتمہ کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں گزشتہ چار سالوں میں مکمل امن و امان قائم کیا۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پہلے بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ تیزی سے مکمل ہو رہا ہے اسے کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے کبھی پراپیگنڈہ کی سیاست نہیں کیا، ہمیشہ فیصلے عوام کے وسیع تر مفاد میں کئے۔