خوراک میںخود کفالت کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل ستائش ہیں،ڈاکٹرا نعم ساجد ملک

جمعہ 17 نومبر 2017 17:14

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا ڈاکٹرا نعم ساجد ملک نے کہا ہے کہ خوراک میںخود کفالت کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل ستائش ہیں ،محکمہ زراعت کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے مراعات سے روشناس کرانے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کاشتکار ان سہولیات سے بھر پور استفادہ کر کے اپنی او راپنے ملک کی ترقی کیلئے کوشش کر سکیں ۔

وہ محکمہ زراعت کے زیر اہتمام وزیر ا علیٰ پنجاب کی پالیسی کے تحت کسانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے گندم کے بیماریوں سے پاک اعلیٰ کوالٹی کے بیج کی فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرر ہی تھی ۔تقریب میں ڈائریکٹر زراعت محمد رمضان نیازی او رڈاکٹر بشارت سلیم کے علاوہ محکمہ زراعت کے دیگر افسران او رکاشتکاروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کیلئے معیاری کھاد ‘بیج او رکیڑے مار ادویات کی فرا ہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت محمد خان نیازی نے بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں 7072 کنگی سے پاک گندم کے معیاری بیج کی بوریاں کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مفت تقسیم کی جاری ہیں ۔

اس پر وگرام کے تحت ضلع سرگودہا میں 2284بوریاں ‘ ضلع خوشاب میں 1043 ‘ ضلع بھکر 1866 او رضلع میانوالی میں 1879بوریاں تقسیم کی جارہی ہیں ۔ ضلع سر گودہا کے 805دیہات میں گندم کی کاشت پانچ لاکھ آٹھ ہزار ایکڑ رقبہ پر کی جارہی ہے ۔ ضلع خوشاب کے دو سو دیہات میں دو لاکھ 32ہزار ایکڑ رقبہ پر ‘ ضلع بھکر کے 509دیہات کے چارلاکھ پندرہ ہزار جبکہ میانوالی کے 227 دیہات میں چار لاکھ ا ٹھا رہ ہزارایکڑ رقبہ پر گندم کا شت کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ڈائریکٹر زراعت کے ہمراہ کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے بعد گندم کا مفت بیج بھی تقسیم کیا۔

متعلقہ عنوان :