وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو 2016ء سے اب تک 88116 کالز موصول ہوئیں

جمعہ 17 نومبر 2017 17:03

وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو 2016ء سے اب تک 88116 کالز موصول ہوئیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو 2016ء سے لے کر اب تک 88116 کالز موصول ہوئیں اور یہ کالیں متاثرین کی طرف سے مفت قانونی مشورہ کے حصول اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تلافی کے سلسلہ میں کی گئیں۔ وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ 20013 شکایت کنندگان کو مفت قانونی مدد دی گئی جبکہ 3778 شکایات فوری طور پر متعلقہ محکموں کے حوالہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 149 کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کیسز کو دیگر اداروں کو ریفر کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 206 افراد نے اپنی شکایات ای میلز، فیکس اور ذاتی طور پر وزارت میں آ کر درج کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہیلپ لائن ایک پراجیکٹ کے تحت مئی 2015ء میں قائم کی گئی تھی۔ اس منصوبہ کے تحت توقع تھی کہ ہر سال تقریباً 4 ہزار سے 5 ہزار کالز مفت ہیلپ لائن پر موصول ہوں گی تاہم اس وقت ہر ماہ تقریباً 4 ہزار کالز موصول ہو رہی ہیں۔