سندھ ہائی کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی سے متعلق فریقین سے یکم دسمبر تک جواب طلب کرلیا

جمعہ 17 نومبر 2017 16:56

سندھ ہائی کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی سے متعلق فریقین سے یکم دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کی کارروائی سے درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین پیش ہوئے۔

سلمان طالب نے کہا کہ شرمیلہ فاروقی نے احتساب ایکٹ کے تحت نیب سے پلی بارگین کیا۔ پلی بارگین کے تحت نااہلی کا قانونی بعد میں شامل کیا گیا۔ موجود نیب قوانین کے تحت شرمیلہ فاروقی کو نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت نے یکم دسمبر تک فریقین سے تفصیلی دلائل طلب کرلیے۔ دائر درخواست کے مطابق نیب نے شرمیلا فاروقی کو نااہل قرار دینے کیلئے اسٹیٹ بنک اور الیکشن کمیشن کو دوخط لکھیں ہیں۔

(جاری ہے)

شرمیلا فاروقی کی سزا 2001 میں پلی بار گین کی ذریعے ختم ہوگئی تھی۔ پلی بارگین کی بعد نااہلی کی سزا قائم رہنے کا قانون 2000 کے بعد بنا سزا اس سے پہلے ہوئی۔ شرمیلا فاروقی کے خلاف نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار ہے۔ پراسیکیوٹر نیب کے مطابق شرمیلا فاروقی سزا یافتہ ہیں کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔نیب قانون کے مطابق کارروائی کررہا ہے۔